صدر کےمنصب پرفائزرہنےتک انکے کیخلاف کارروائی ممکن نہیں

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہےکہ صدر مملکت نے جس دن ٹوئٹ کیا، ہم نے اس دن قانونی پوزیشن واضح کردی اور صدر جب تک منصب پر ہوں تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی، ہماری حکومت میں جو ہوتا ہے ہم اس کے ذمے دار ہیں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمارے جوانوں اور مقامی لوگوں نے پیشہ ورانہ انداز میں بہادری سے بچوں کو ریسکیو کیا، وزیراعظم کو مقامی نوجوانوں کی بہادری کا ادراک ہے، وزیراعظم مقامی نوجوانوں کی خدمات کا اعتراف کریں گے۔
سانحہ جڑانوالہ پر بات کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ جڑانوالہ والے واقعات اچانک رونما نہیں ہوتے، اس کی ایک تاریخ ہے اور جڑانوالہ واقعے میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوں گی۔
نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے جس دن ٹوئٹ کیا، ہم نے اس دن قانونی پوزیشن واضح کردی، صدر جب تک منصب پر ہوں تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی، ہماری حکومت میں جو ہوتا ہے ہم اس کے ذمے دار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اپنے خیالات پیش کرنے کی آزادی ہے، ہمارے کوئی سیاسی دشمن نہیں اورکوئی سیاسی دوست نہیں، ہم کسی سیاسی جماعت کے حق اور مخالفت میں نہیں ہیں، اگرکسی کے خلاف قانون، ادارے اور عدالتیں کوئی قدم اٹھاتی ہیں تو روکیں گےنہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھاکہ مہنگائی ایک حقیقت ہے اور کوئی ملک مہنگا تیل خرید کر سستا نہیں بیچ سکتا، ہماری حکومت کوئی اللے تللے نہیں کرے گی اور قوم کا پیسہ ضائع نہیں کرے گی۔
