سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا: ناصر حسین شاہ

وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اصلاحات سے متعلق مثبت تجویز پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں ، سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
ناصرحسین شاہ نے کہا کہ انتظامی اصلاحات اور صوبوں کی تشکیلِ نو دو مختلف معاملات ہیں، صوبے محض انتظامی یونٹ نہیں، ان کی تاریخ، شناخت، ثقافت، زبان ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی اختیارات عوام کے قریب لانا مقصد ہے تو یہ کام موجودہ آئین میں کیا جاسکتا ہے، اضلاع، ڈویژنز، تحصیلیں بنائی جاسکتی ہیں، بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ سندھ کے عوام اپنی سرزمین، تاریخ اور شناخت پر واضح اور متفقہ رائے دےچکے، سندھ کی تقسیم کا سوال محض ایک انتظامی تجویز نہیں، اصلاحات سے متعلق مثبت تجویز پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں، سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہاکہ محسن نقوی سےدرخواست ہے کہ معاملے کی حساسیت اور اہمیت کوسمجھیں۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ نئے انتظامی یونٹ بن کر رہیں گے، کوئی نہیں روک سکتا، انتظامی یونٹوں کو نہ کوئی شخص، نہ کوئی ایک سیاسی جماعت اور نہ ہی نمائندے روک سکتے ہیں۔
