اپر سوات، کالام اور بابو سر ٹاپ میں سال کی پہلی برف باری

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں اپر سوات اور وادیِ کالام کے بلند پہاڑی سلسلوں پر سال کی پہلی برف باری کے بعد پوری وادی نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
اچانک برف باری کے بعد علاقے میں سردی کی شدت میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے، اس دلکش پیش رفت سے جہاں کالام کے مناظر مزید سحر انگیز ہو گئے ہیں، وہی پورے خطے میں باقاعدہ ’سرد موسم‘ کا آغاز ہو گیا ہے۔
اپر سوات اور اس کے گردونواح، بالخصوص وادیِ کالام کے بلند پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی قدرتی مناظر یکسر بدل گئے ہیں۔
اونچے پہاڑوں پر برف کی بچھ جانے والی سفید چادر نے وادی کے حسن کو چار چاند لگا دیے ہیں۔ برف باری کے ساتھ ہی یخ بستہ ہواؤں کے چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ مقامی رہائشیوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
کالام اور اس کے مضافاتی علاقوں میں سال کی پہلی برف باری کو ہمیشہ سے ایک خوش آئند پیش رفت سمجھا جاتا ہے۔ وادی کے خوبصورت اور دلکش پہاڑی مناظر برف سے ڈھکنے کے بعد مزید دلپذیر ہو گئے ہیں، جس سے مقامی زندگی کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔
اس حسین منظر کو دیکھنے کے لیے سیاحوں کا جوش و خروش بھی دیدنی ہے اور مختلف شہروں سے وادی کی جانب سیاحوں کی آمد کی توقع کی جا رہی ہے۔
ضلع سوات کا شمالی حصہ، خصوصاً اپر سوات اور کالام اس کے علاوہ بابو سر ٹاپ پاکستان میں قدرتی حسن اور سیاحت کا سب سے بڑا مرکز مانا جاتا ہے۔
