آئی سی سی نےپاکستان اوربھارت  کے مابین سیریزپرغورشروع کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی کے لیے ایک سہ فریقی یا فور نیشن ٹورنامنٹ کرانے پر باقاعدہ غور شروع کر دیا ہے۔

اس اہم پیش رفت اور ملٹی نیشن سیریز کے مالی فوائد کا حتمی جائزہ رواں ماہ دبئی میں شیڈول آئی سی سی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں لیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ گزشتہ کئی سالوں سے آئی سی سی کو پاک بھارت میچز پر مشتمل ملٹی نیشن ٹورنامنٹ کرانے کی تجاویز دے رہا ہے۔

اب توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں اس تجویز کو باقاعدہ زیرِ بحث لایا جائے گا۔

اس سلسلے میں آئی سی سی کے ‘فیوچر ٹورز پروگرام’ (ایف ٹی پی) کا اہم سیمینار 22 اور 23 ستمبر کو دبئی میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں 12 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک اور 8 ایسوسی ایٹ ممبران کے نمائندے شرکت کریں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران روایتی دو طرفہ ون ڈے یا ٹی 20 سیریز کے مقابلے میں ملٹی نیشن سیریز کے مالی اور تجارتی فوائد کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

زیرِ غور نئے فارمیٹ کے تحت پاکستان اور بھارت کے ساتھ دنیا کی مزید 1 یا 2 ٹاپ ٹیموں کو شامل کر کے ایک سنسنی خیز ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا سکتا ہے۔

 

 

Back to top button