نام کے ساتھ زرداری،بھٹو یا شریف نہیں لگا،سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ میرے نام کے ساتھ زرداری،بھٹو یا شریف نہیں لگا،عام ورکر اور بسوں میں سفر کرتا تھا، بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلی بنایا۔27 ستمبر کو اسلام آباد جانے والے قافلے کی قیادت کروں گا۔
نوابشاہ اور سانگھڑ پہنچنے پر کارکنوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی اور ان کے ہمراہ موجود پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں سلمان اکرم راجہ و دیگرکا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ کارکنوں نے ہاتھوں میں بانی پی ٹی آئی کی تصاویر اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس ملک کی بقا اور عوام کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہا ہے۔ اب ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ اپنے قائد کو آزاد کروانے کیلئے بھرپور طریقے سے دباؤ ڈالیں۔ اب توپیں یا بندوقوں کی گولیاں بھی ہمارا راستہ نہیں روک سکتی ہیں۔ وہ نوابشاہ کے شیراز چوک اور سانگھڑ کے حیدرآباد چوک پر استقبال کیلئے جمع کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔
نوابشاہ کے شیراز چوک پر خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ میرے نام کے ساتھ زرداری،بھٹو یا شریف نہیں لگا ہے، میں ایک عام معمولی ورکر تھا، بسوں میں سفر کرتا تھا مگر عمران خان نے اعتماد کیا اور مجھے ایم پی اے کے بعد وزیر اعلیٰ بنادیا۔ 27 ستمبر کو میں قافلے کی قیادت کرونگا، عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور خان کے حکم پر خیبر سے کراچی تک عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے۔
