صنم ماروی اور دوسرے شوہر میں بچوں کی حوالگی پر جنگ


حال ہی میں اپنے دوسرے شوہر سے خلع لے کر تیسری شادی کرنے والی معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی کی مشکلات ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ انہوں نے محض 18 سال کی عمر میں پہلی شادی کی تھی اور پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد انہوں نے دوسری شادی، حامد خان سے کی، جو ان کے کزن بھی ہیں، تاہم چند ماہ پہلے صنم کی خواہش پر لاہور کی فیملی کورٹ نے خلع کی ڈگری جاری کردی تھی جس کے ساتھ ہی ان کا ازدواجی سفر ختم ہوگیا۔ حامد خان سے تعلق ختم کرنے کے بعد صنم نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے فوراً تیسری شادی کرلی جس کے بعد سے ان کے بچے ان کے دوسرے شوہر حامد خان کے پاس ہیں اور ان کی جدائی کی وجہ سے صنم کی تکالیف میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ صنم کے دوسرے شوہر حامد کا کہنا ہے کہ ان کے تینوں بیٹے اپنی ماں کے پاس جانے سے انکاری ہیں اور اب وہ ہی ان کو پالیں گے۔
صنم ماروی کی پہلی شادی سے بھی ایک بیٹی تھی جسے کچھ عرصہ کے لئے سسرال والوں نے اغواء بھی کیا تھا اور صنم نے وہ عرصہ بھی انتہائی دکھ اور پریشانی میں گزارا تھا۔ حامد سے انکی شادی 2009 میں ہوئی جس سے ان کے تین بیٹے پیدا ہوئے۔ صنم کا کہنا ہے کہ شادی شدہ زندگی کے گیارہ سالوں میں حامد کا رویہ ان کے ساتھ بدلتا گیا جس سے صنم کی زندگی میں تلخیاں ہی بھرتی چلی گئیں اور بالآخر انہوں نے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا، صنم ماروی نے فروری میں خلع کی اپیل دائر کی اور دعویٰ کیا کہ وہ گیارہ سال کی برداشت کے بعد اب حوصلہ کھو چکی ہیں اور علیحدگی حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ خلع منظور ہوگئی لیکن اس کا انجام کچھ اچھا نہیں ہوا۔
طلاق کے فورا بعد صنم ماروی کی چھوٹی بہن نے ان پر یہ الزام عائد کیا کہ انہوں نے دوسرے خاوند سے اس لئے چھٹکارہ حاصل کیا کہ وہ تیسری شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اب صنم ماروی کی مامتا کا ایک مرتبہ پھر کڑا امتحان شروع ہو گیا ہے۔ وہ بیٹے جنہیں صنم سینے سے لگائے بیٹھی تھی وہ اب حامد کے ساتھ ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر صنم ماروی نے ایک پوسٹ لگائی جس میں انہوں نے اپنے سابقہ شوہر سے التجا کی کہ ’حامد پلیز مجھے میرے بچے واپس کردو۔۔۔ تم انہیں نہیں سنبھال سکتے۔۔۔ ان کے کپڑے تو دیکھو ‘۔ احمد کا کہنا ہے کہ اس کے تینوں بچے اپنی ماں کے پاس نہیں جانا چاہتے کیونکہ اس نے تیسری شادی کرلی ہےلیکن دوسری طرف صنم کی کوششیں رنگ لائیں اور عدالت نے حامد کے بچے لیکر عدالت نہ آنے پر اور بچوں کو زبردستی ماں سے جدا کرنے پر اس کے اریسٹ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔۔۔ صنم ماروی نے اپنے فیس بک پر لکھا کہ وہ اب کافی بہتر محسوس کر رہی ہیں کیوںکہ فیصلہ ان کے حق میں آیا ہے۔۔۔ صنم ماروی اکثر اپنے چھوٹے بیٹے کی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں اور انکی دعا ہے کہ وہ جلد اپنے بچوں سے ملیں اور بچوں کے نصیب میں ماں اور باپ دونوں کا پیار شامل رہے۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button