عابد شیرعلی نے فیصل واوڈا کیخلاف برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی میں شکایت درج کرادی

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما عابد شیر علی نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کے خلاف برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے ) میں شکایت درج کروادی.
ذرائع کے مطابق عابد شیر علی کو رواں ہفتے شواہد جمع کروانے کے بعد این سی اے کے دفتر سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا جس سے متعلق انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس فیصل واڈا کی غیر قانونی جائیدادوں کے ثبوت ہیں۔ عابد شیر علی نے الزام عائد کیا کہ فیصل واڈا کی برطانیہ میں 11 جائیدادیں ہیں لیکن وہ کیسے خریدیں یہ دیکھانے کے لیے کوئی منی ٹریل موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘ میں نے تمام ثبوت این سے اے کو دیے ہیں جن میں اراضی ریکارڈز، جائیداد کی فوٹیج اور فیصل واڈا کے کاغذات نامزدگی شامل ہیں جس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ پراپرٹیز کیسے خریدی گئیں، اب یہ نیشنل کرائم ایجنسی پر ہے’۔
سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے فیصل واڈا کے خلاف این سی اے سے اس لیے رجوع کیا ہے کیونکہ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اراکین کے خلاف کرپشن الزامات لگاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں قومی احتساب بیورو نیب سے اپیل کرتا ہوں کہ فیصل واڈا کےخلاف تحقیقات کریں اور ثابت کریں کہ وہ میری جماعت کے خلاف قانونی کارروائیوں میں انصاف نہیں کررہے ۔ تاہم جرائم اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی برطانیہ کی ایجنسی این سی اے کی طرف سے کسی قسم کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ این سی اے نے اس وقت خبروں میں جگہ بنائی تھی جب برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے خاتمے کی کوششوں کے تحت ملک ریاض کے خاندان سے وابستہ جائیداد اور بینک اکاؤنٹس کو ضبط کیا گیا تھا۔
دوسری جانب عابد شیر علی کی جانب سے شکایت درج کروانے پر فیصل واڈا نے کہا وہ اس معاملے پر اس وقت تک تبصرہ نہیں کریں گے جب تک ٹاک شوز میں ان کی شرکت پر عائد پابندی نہیں اٹھائی جاتی۔
