عالمی درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2019ء کی فہرست کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ میں معمولی اضافہ ہوا ہے، پاکستانی پاسپورٹ 104 سے 102 کے نمبر پر آگیا، فہرست میں جاپان کو بہترین پاسپورٹس کی فہرست میں دوسرے سال بھی پہلی پوزیشن حاصل ہے جب کہ سنگاپور جنوبی کوریا کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔
دی ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دنیا بھر کے ممالک کے پاسپورٹس کی درجہ بندی کرتا ہے۔ دی ہینلے کے جاری کردہ انڈیکس کے مطابق عالمی درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ کی قدر میں معمولی بہتری آئی ہے، پاکستانی پاسپورٹ 104 سے 102 کے نمبر پر آگیا، پاکستان کے شہری 33 ممالک میں بنا ویزہ کے داخل ہوسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ انڈیکس 2019ء کی فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ تین درجے بہتری کی جانب ضرور بڑھا ہے لیکن تاحال دنیا کے بُرے ترین پاسپورٹ کی فہرست میں ہی موجود ہے جہاں اسے دنیا کا 5واں بُرا ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔
گزشتہ فہرست میں 104 ممالک کی فہرست میں سے پاکستان کے پاسپورٹ کو 102واں درجہ حاصل تھا لیکن اب پاکستانی پاسپورٹ تین درجے بڑھ کر پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ دنیا کے بُرے ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آکر پاکستان نے صومالیہ، شام،افغانستان اور عراق کو پیچھے چھوڑ دیا۔
درجہ بندی کےلیے تمام تر ڈیٹا انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، جس کے بعد دنیا بھر کا سب سے بڑا ٹریول انفارمیشن کا ڈیٹا بیس موجود ہے، سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اس انڈیکس کے مطابق جاپان کو بہترین پاسپورٹس کی فہرست میں دوسرے سال بھی پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ جاپانی پاسپورٹ پر دنیا کے 190 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کی جاسکتی ہے۔
جبکہ اس فہرست میں سنگاپور جنوبی کوریا کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ جنوبی کوریا گشتہ فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود تھا، اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹ پر 189 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کی جا سکتی ہے۔ 188 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کرنے کے ساتھ جرمن پاسپورٹ تیسری پوزیشن پر ہے۔ جبکہ اس پوزیشن پر جرمنی کے ساتھ فرانس بھی موجود ہے۔ ڈنمارک، اٹلی،فن لینڈ اور سویڈن اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ جن کے پاسپورٹ کے حامل افراد دنیا بھر کے 187 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کر سکتے ہیں۔ جب کہ پاکستان کے شہری دنیا کے 33 ممالک میں ویزہ فری انٹری کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
