عامر لیاقت ’بگ باس‘ شو کا پاکستانی ورژن کرنے کو تیار

اپنی متنازعہ حرکتوں اور شادیوں کے تنازعات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے بارے میں اب یہ خبر ہے کہ وہ بھارت کے مشہور زمانہ ٹی وی رئیلٹی شو بگ باس کے پاکستانی ورژن ‘بول ہاوس’ کی میزبانی کرنے جا رہے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ عامر لیاقت ایک لمبے وقفے کے بعد کسی ٹی وی شو کی میزبانی کریں گے۔ یاد رہے کہ بھارتی ٹی وی شو بگ باس میں اکثر شرکت کرنے والے آپس میں جھگڑ پڑتے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ عامر لیاقت کسی ریئلٹی شو کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے، اس سے پہلے وہ ٹاک شوز، مذہبی پروگرامات اور گیم شوز کی میزباتی کرتے رہے ہیں۔ عامر لیاقت کا یہ پروگرام بول ٹی وی پر نشر ہوگا جس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ موجودہ ایکسپریس ٹی وی چھوڑنے والے ہیں۔ عامر لیاقت کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی ’بول ٹی وی‘ پر بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کی طرز کا پروگرام ’بول ہاؤس‘ کرتے دکھائی دیں گے۔ بول ٹی وی کی جانب سے شیئر کیے گئے پروگرام کے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ شو بھارتی متنازع شو ’بگ باس‘ کا پاکستانی ورژن ہوگا، جس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو ایک ماہ تک پروگرام کے سیٹ کے اندر ہی رہنا پڑے گا۔
پروگرام کے ٹریلر میں عامر لیاقت حسین بتاتے سنائی دیتے ہیں کہ اس میں شرکت کرنے والے افراد کو ایک ماہ تک ’بول ہاؤس‘ میں رہنا ہوگا اور انہیں صرف موبائل فون دیا جائے گا۔ ٹریلر میں ’بول ہاؤس‘ میں موجود پرتعیش سہولیات کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں، عالیشان ہاؤس میں سوئمنگ پول، جیم، گراؤنڈ اور بیڈ رومز سمیت دیگر سہولیات شامل ہیں۔ پروگرام کے ٹریلر میں عامر لیاقت نے بتایا کہ وہ جلد ہی ایک نئے پروگرام کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ شو کو کب تک نشر کیا جائے گا۔ ٹی وی چینل کی جانب سے شو کا ٹریلر شیئر کیے جانے پر لوگوں نے اسے ’بگ باس‘ کی پاکستانی کاپی قرار دیا جب کہ بعض لوگوں نے مطالبہ کیا کہ اس پروگرام کی میزبانی وقار ذکا کو دی جائے کیونکہ وہ ایسا پروگرام عامر سے بہتر کرلیں گے۔
بول ہاوس نامی رئیلٹی شو کے ٹریلر پر کئی لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے عامر لیاقت پر تبصرے بھی کیے اور لکھا کہ انہیں امید ہے کہ رکن قومی اسمبلی ساحر لودھی کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔ بعض افراد نے شکوہ کیا کہ ٹی وی پر دانش تیمور کا اچھا خاصا شو چل رہا تھا، اسے بند کرکے عامر لیاقت کا شو لے کے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے عامر لیاقت کی میزبانی پر بھی تنقید کی اور توبہ مانگی کہ اب انہیں دیکھنا باقی رہ گیا تھا۔ تاہم عامر لیاقت اس شو کو اپنے لئے ایک چیلنج قرار دے رہے ہیں جس میں ان کی کامیابی یا ناکامی ان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔
