ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کا ‘مرزا، ملک شو’ شروع کرنے کا فیصلہ


پاکستانی اسٹار بیٹسمین شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ایک ٹاک شو کی مشترکہ میزبانی کا معاہدہ سائن کر دیا اور دونوں جلد ایک ساتھ ’اردو فلکس‘ کے لیے ‘ مرزا، ملک شو
‘ نامی ایک مزاحیہ شو کرتے دکھائی دیں گے۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ دونوں میاں بیوی اکٹھے کسی شو کی میزبانی کریں گے جو کہ بھارت کے مشہور کپل شرما شو کی طرز پر بنایا جائے گا۔
شعیب ملک نے انسٹاگرام پر دبئی میں ہونے والی پریس کانفرنس کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں انہوں نے اور ثانیہ مرزا نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی ان کا ٹاک شو شروع ہو جائے گا۔ دونوں نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے کھیل کے میدان سے اسکرین پر آنے کا سوچ رہے تھے مگر انہیں موقع نہیں مل رہا تھا لیکن اب وہ جلد ہی لوگوں کو ہنساتے ہوئے دکھائی دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے شو کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہوگا اور یہ مزاح سے بھرپور ہوگا، جس میں مہمانوں کو اپنے تجربات شیئر کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا شو ایک طرح سے ’کپل شرما شو‘ جیسا ہوگا، تاہم ان کے شو کی تھیم ان سے کچھ مختلف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ کب سے اسکرین پر آنے کو ترس رہے تھے اور اب جب انہیں موقع مل رہا ہے تو وہ دوسروں کو ترسائیں گے۔ شعیب ملک نے کہا کہ نہ صرف وہ بلکہ ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی اس شو کے لیے بہت ہی ایکسائٹڈ ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کا شو شائقین کو پسند آئے گا۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی پریس کانفرنس کے دوران اردو فلکس کے بانی فرحان گوہر نے بتایا کہ ’مرزا، ملک شو‘ میں دونوں ممالک یعنی پاکستان اور بھارت کے مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا اور پروگرام کا سیٹ دبئی میں ہوگا اور اس شو خطے کا سب سے بڑا شو ہوگا۔ انہوں نے بھی امید ظاہر کی کہ ’مرزا، ملک شو‘ کو پاکستان اور بھارت میں یکساں طور پر پسند کیا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ دونوں میاں اور بیوی ایک ساتھ پروگرام کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے، اب تک دونوں صرف مہمان کی صورت میں پروگراموں میں شرکت کرتے آ رہے تھے۔
دونوں متعدد اشتہارات میں کام کر چکے ہیں اور حال ہی میں میاں اور بیوی نے اپنی پرفیوم اور میک اپ مصنوعات بھی متعارف کرائی تھیں۔ دونوں کا شمار پاکستان اور بھارت کی مشہور ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے، دونوں نے 2010 میں شادی کی تھی اور دونوں کا ایک تین سالہ بیٹا اذلان بھی ہے۔ دونوں میاں بیوی پچھلے دنوں پاکستان آئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے کراچی اور لاہور میں اکٹھے ووٹ گزارا۔

Back to top button