عمران خان کے وکیل کا ایف آئی اے پر کئی گھنٹے حبس بیجا میں رکھنے کا الزام

 عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے ایف آئی اے پر کئی گھنٹے حبس بیجا میں رکھنے کا الزام عائد کردیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائمز سیل اسلام آباد میں جج ہمایوں دلاور کی فیس بک پر متنازع پوسٹوں کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی انکوائری  میں طویل پیشی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھہ کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو میں انہوں نے ایف آئی اے پر 8 گھنٹے تک حبس بیجا میں رکھے جانے کا الزام عائد کردیا۔

نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ مجھے ایف آئی اے سائبر کرائم کا نوٹس نہیں ملا، سوشل میڈیا پر دیکھ کر خود وہاں چلا گیا ۔ ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ سپریم کورٹ  اور ہائی کورٹ میں پٹیشنز دائر کرنی ہیں۔ اس کے لیے ڈسٹرکٹ جیل اٹک اور  چیئرمین پی ٹی آئی سے بھی ملنے جانا ہے۔ لہٰذا آج کی گنجائش دی جائے ۔ ریکویسٹ کی کہ مجھے ریکارڈ دیا جائے تاکہ اس پر بھرپور طریقے سے جواب دے سکوں ۔

انہوں نے کہا کہ میں کچھ اور سوچ کرگیا لیکن ایف آئی اے میں منظر کچھ اور تھا۔ میری استدعا پر ایف آئی اے حکام نے کہا کہ کچھ اعلیٰ افسران آ رہے ہیں ہیں، بیٹھ جائیں، اس کے بعد آپ کو فارغ کیا جائے گا۔ بتانا چاہتا ہوں یہ انکوائری کا تمام معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر شروع ہوا۔ مجھے ایف آئی اے میں8 گھنٹے سے زائد تک حبس بیجا میں رکھاگیا ۔

Back to top button