عمران چھوٹی لڑکی سے شادی کر سکتا ہے تو ریحام کیوں نہیں؟

عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی خود سے 13 برس چھوٹے نوجوان سے شادی کا معاملہ اس وقت سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے تاہم صارفین کی بڑی تعداد ریحام خان کے حق میں نظر آتی ہے اور یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ اگر عمران خان خود سے 26 برس چھوٹی خاتون سے شادی کر سکتا ہے تو ریحام خان 13 برس چھوٹے لڑکے سے شادی کیوں نہیں کر سکتی؟
عمران خان سے طلاق کے سات برس بعد 37 سالہ مرزا بلال بیگ سے شادی کرنے والی 50 سالہ ریحام خان کے لیے جہاں ایک طرف لوگ نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں تو وہیں کچھ انھیں اس بات کا طعنہ دیتے نظر آ رہے ہیں کہ ان کے شوہر مرزا بلال ان سے 13 برس چھوٹے ہیں۔ایسے میں کئی خواتین ریحام کے دفاع میں سامنے آئی ہیں جنھوں نے سوال کیا ہے کہ اسی طرز پر کبھی خاتون کی کم عمری پر مسئلہ کیوں نہیں بنایا جاتا۔ ریحام خان نے اپنی تیسری شادی کا اعلان سوشل میڈیا پر کچھ یوں کیا کہ انھیں ’بالآخر ایک مرد مل گیا ہے جس پر وہ اعتماد کر سکتی ہیں۔ ان کے شوہر اداکار و ماڈل مرزا بلال بیگ ہیں جو پاکستانی ٹی وی چینلوں پر طنز و مزاح سے بھرپور سیاسی کامیڈی شوز میں کام کر چکے ہیں۔ ریحام اور مرزا کا نکاح امریکی شہر سیاٹل میں ہوا۔ ریحام نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ان کا بیٹا اس موقع پر ان کا وکیل بنا جبکہ نکاح خواں کے علاوہ مرزا کے والدین بھی وہاں موجود تھے۔
ادھر بلال نے ٹوئٹر پر لکھا کہ مجھے اس خاتون سے اپنی شادی کا اعلان کرنے پر خوشی ہے جسے میں ہمیشہ سے خوابوں میں دیکھتا تھا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر ریحام کے لیے مبارکبادوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو گیا جس میں ان کے قریبی دوستوں نے ان کے اچھے مستقبل کی دعائیں کیں۔ایک صارف کے اس تبصرے کے جواب میں کہ ریحام نے شادی کر کے تحریک انصاف کے فالوورز کی ’بینڈ بجا دی‘، ریحام نے جواب دیا کہ ’انھیں تو خوش ہونا چاہیے۔ میں نے بحث کا رُخ موڑ دیا ہے۔ ریحام اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ان کی شادی کی کچھ تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں۔ تقریب پر ریحام نے سفید لباس جبکہ بلال نے سیاہ سوٹ اور سفید شرٹ پہنی ہوئی ہے۔ ریحام نے سوشل میڈیا پر بتایا ہے کہ مرزا مجھ سے 13 سال چھوٹے ہیں مگر میری زندگی میں حکمت کی علامت بنے ہیں، میں ان کے ساتھ خود کو محفوظ سمجھتی ہوں، امید ہے کہ ہم دونوں کی تیسری باری میں قسمت اچھی رہے گی۔
تاہم ریحام کی شادی نے میاں بیوی کے درمیان عمر کے فرق کی وہی پرانی بحث چھیڑ دی ہے جس پر بعض روایتی سوچ کے حامل لوگ بھنویں چڑھا لیتے ہیں۔ اس جوڑے کی تصاویر پر بعض صارفین، جن میں سے کچھ کی تصاویر اور پروفائل سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ تحریک انصاف کو سپورٹ کرتے ہیں، نے ریحام کو عمر کے فرق کا طعنہ دیا اور حتی کہ کمنٹس میں ’ماں بیٹا‘ لکھا۔ وقاص نامی ایک صارف نے انسٹاگرام پر ان کی پوسٹ پر تبصرہ کیا کہ اس عمر میں آپ کو شادی کی ضرورت کیا تھی۔ وہ بھی اپنی عمر سے آدھی عمر کے نوجوان سے۔ آپ کے جوان بچے ہیں، ان پر فوکس کرنا چاہیے تھا۔‘ اسی طرح سمیرہ کہتی ہیں کہ ’کیا زمانہ آگیا ہے بہن بس کر دوں۔۔۔ نئی کتاب لکھنی ہے کیا؟ جبکہ ایمان نے ٹویٹ کیا کہ ’انھیں یہ کہنا چاہیے کہ مجھے بچہ مل گیا، نہ کہ مرد۔
تاہم ایسے صارفین کی بھی بڑی تعداد سامنے آئی جنھوں نے عمر کے فرق سے جڑے دقیانوسی خیالات کی مخالفت کی اور یوں ریحام اور مرزا کی جوڑی کا دفاع کیا۔ ایک صارف اریبہ مرتضی نے کہا کہ ’میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ ریحام خان کا اپنے سے کم عمر مرد سے شادی کرنا ایک مسئلہ کیوں ہے۔ ’لوگ کبھی ایسا ردعمل نہیں دیتے جب عمران خان جیسے۔مرد اپنے سے بیس یا تیس سال چھوٹی عورت سے شادی کرے۔‘ زنیرہ نے مشورہ دیا کہ ’آپ کو ریحام پسند ہے یا ناپسند اس سے قطع نظر، مہربانی فرما کر ان کی عمر یا شادیوں کی تعداد پر مسئلہ نہ بنائیں۔ لوگ ہر عمر میں خوشی کے مستحق ہوتے ہیں۔ دوبارہ شادی ایک قانونی اور مذہبی حق ہے۔ آپ تو ایسے ناراض ہو رہے ہیں جیسے انھوں نے آپ ہی سے بندوق کی نوک پر شادی کر لی ہو۔
ایخ اور صارف صائمہ ہاشم کہتی ہیں کہ لوگ ’اپنی محرومیوں کو زہر نہ بننے دیں۔‘ ان کا خیال ہے کہ ’بڑی عمر، چھوٹی عمر، سب ڈھکوسلے ہیں۔ شادی قائم رہنے یا نہ رہنے سے انسان کے کردار کا تعین کیا جانا کہاں کی انسانیت ہے؟ اسی طرح سماجی کارکن ندا کرمانی لکھتی ہیں کہ ’اگر 49 سال کے مرد نے 36 سال کی عورت سے شادی کی ہوتی تو کیا کوئی عورت کی عمر کے بارے میں سوچتا؟ نہیں۔‘ خیال رہے کہ جنوری 2015 میں ریحام خان نے دوسری شادی عمران خان سے کی تھی جو ان سے عمر میں 21 برس بڑے تھے۔ لیکن اکتوبر 2015 میں دونوں کے بیچ طلاق ہوگئی تھی۔ اس دوران حوریہ نامی صارف نے بھی ایک ٹویٹ کیا جسے ریحام خان نے بھی ری ٹویٹ کیا، اس میں کہا گیا ہے کہ ریحام خان کی شادی پر کچھ کیڑے مکوڑے اعتراضات لگا رہے ہیں کہ لڑکے لڑکی کی عمر میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
تو میں ان کو بتاتی چلوں کہ میرے نبی کی سنتوں میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے چاہے آپ جو بھی سمجھے۔ حضرت خدیجہ کا واقعہ ہمارے سامنے ہے۔‘ اس بحث کے دوران ریحام خان نے ایک طنزیہ پیغام بھی ری ٹویٹ کیا جس میں لکھا تھا کہ ’تحریک انصاف کے فالوورز کچھ اس طرح ریحام کے نکاح پر تنقید کر رہے ہیں کہ میرج کرنا حرام ہے، اسلام میں صرف شادی کا حکم ہے۔ میرج انگریز کرتے ہیں برادر۔
