عمر شریف کی میت دو روز میں پاکستان پہنچنے کا امکان

جرمنی میں پاکستانی مرحوم لیجنڈ عمر شریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ تاحال جاری نہیں‌ کیا گیا ہے مرحوم کی میت 6 اکتوبر کو پاکستان لائے جانے کا امکان ہے۔عمر شریف دو اکتوبر کو جرمن ہسپتال میں‌ دوران علاج چل بسے تھے۔

عمر شریف کو 28 ستمبر کو کراچی سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے امریکا منتقل کیا جانا تھا لیکن دوران سفر طبیعت بگڑںے پر انہیں جرمنی کے ہسپتال میں‌ داخل کرا دیا گیا تھا۔عمر شریف دو دن تک جرمنی کے ہسپتال میں زیر علاج رہے جہاں وہ نمونیہ ، عارضہ قلب، گردوں، شوگر کے مرض کے علاوہ ذیابیطس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے جانبر نہیں‌ ہو سکے۔مرحوم کی اہلیہ زرین غزل نے بتایا کہ پاکستان میں عمر شریف کی نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے جبکہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے عقب میں کی جائے گی۔

جرمنی میں دو دن، ہفتے اور اتوار کی تعطیل کے بعد پیر کو دفاتر کھلیں گے جس کے بعد نیونبرگ کی ضلعی انتظامیہ عمر شریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد عمر شریف کی میت نیونبرگ سے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ لائی جائے گی جہاں اسے پاکستان روانہ کیا جائے گا لیکن اس عمل میں کم از کم مزید 2 دن لگ سکتے ہیں۔

دوسری جانب عمر شریف کے آفیشل فیس بک پیج پر بتایا گیا کہ نیونبرگ میں کامیڈین کی جنازہ نماز 4 اکتوبر کی دوپہر کو ادا کی جائے گی۔

Back to top button