فتنہ پارٹی کواسمبلی گیٹ پرہلڑ بازی کرتے شرم نہیں آئی،عظمی بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کاکہنا ہے کہ فتنہ پارٹی کے ارکان کو پنجاب کے گیٹ پر ہلڑ بازی کرتے شرم آنی چاہیے۔
عظمی بخاری کا اپوزیشن ارکان کے پنجاب اسمبلی کے باہراحتجاج کے ردعمل میں کہنا تھا کہ احتجاج کرنے کےلئے پورے پنجاب سے عہدیدار اور ہارے ہوئے لوگ اکٹھے کیے گئے ہیں۔انکے اپنے اسمبلی ممبران انکے ساتھ نہیں،فتنہ فساد پارٹی یہی کرسکتی ہے۔یہ تحریک انصاف کے ارکان نہیں 9 مئی کے دہشتگرد ہیں۔چار ماہ سے یہی ڈرامے بازی اور لچر پن ایوان کے اندر کیا جا رہا ہے۔
وزیراطلاعات کاکہنا تھاکہ ایوان کے اندر بیہودہ نعرے بازی اور گالم گلوچ کرنے والے وہی کچھ آج اسمبلی گیٹ پر کررہے ہیں۔ہمیں ہاؤس چلانے کی ڈکٹیشن وہ لوگ دے رہے جنہوں نے چار سال ہاؤس ایک ڈکٹیٹر سپیکر کے حوالے کیے رکھا۔پرویز الٰہی نے سپیکر بنتے ہی سب سے پہلے میری رکنیت معطل کی تھی،پنجاب کی تاریخ میں سب سے زیادہ معطلیاں انکے دور میں ہوتی رہیں۔ہم نے چار سال انکی غنڈہ گردی اور ڈکٹیٹرشپ کو بھگتا ہے۔
عظمی بخاری کاکہنا تھاکہ ہمارے ارکان نے ہمیشہ تہذیب اور پارلیمانی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج کیا۔سپیکر احمد خان نے جتنا ٹائم اور عزت انکو دی اسکی مثال نہیں ملتی۔پنجاب کے عوام نے چار سال پنکی،گوگی اور بزدار گینگ کو بھگتا ہے۔جب چابی والا کھلونا وزیراعلیٰ گونگا بن کر وزیراعلیٰ کی کرسی پر بیٹھا ہوتا تھا تب یہ لوگ اسکے آگے سرجھکائے بیٹھے رہتے تھے۔
وزیراطلاعات کامزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے حلف،بجٹ ڈے پھر وزیراعلیٰ کی تقریر کے دوران بھی اپوزیشن نے ایوان کا ماحول خراب کیا۔مریم نواز نے پہلے روز ہی رانا آفتاب سمیت پوری اپوزیشن کو عزت دی۔مریم نواز نے یہاں تک کہا جتنے قابل احترام میرے لیے حکومتی ارکان ہیں اتنے قابل احترام اپوزیشن ارکان ہیں۔
صوبائی وزیرمجتبی شجاع الرحمان نے کہا کہ لیکن اپوزیشن ارکان نے مریم نواز کی تقریر کے دوران مسلسل غیر پارلیمانی رویہ اختیار کیا جو ناقابل برداشت تھا۔ سپیکر ملک احمدخان نے متعدد بار اپوزیشن لیڈر اور انکے ارکان سمجھایا لیکن انہوں نے ایوان کا ماحول خراب کی ٹھان لی تھی۔سپیکر نے ایوان کا ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے کر اپنے اختیارات استعمال کیے ۔
