فری لانس ادائیگی کی حد میں 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار ڈالر کردی گئی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے انفارمیشن اینڈ کمیونکیشن ٹیکنالوجی میں فری لانس سروسز کی ادائیگی کی حد کو 5 گنا بڑھا دیا۔ جس سے فری لانسرز کو اپنا کاروبار یا آپریشنز بڑھانے اور کام میں نئے لوگوں کو شامل کرنے کا بھی موقع ملے گا۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے سرکلر کے مطابق یہ فیصلہ بزنس سے صارفین کے درمیان ترسیلات زر کے مقامی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ہونے والی ٹرانزیکشنز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کےلیے کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں فری لانس سروسز کےلیے ادائیگی کی حد کو 5 ہزار ڈالر مہینہ فی فرد سے بڑھا کر 25 ہزار ڈالر کردیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا تھا کہ اس اضافے سے فری لانسرز کو سستے اور موثر ذریعے سے ترسیلات زر اور عام بینکنگ کے ذریعے غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کرنے میں سہولت ہوگی۔ اس سے فری لانسرز کو اپنا کاروبار یا آپریشنز بڑھانے اور کام میں نئے لوگوں کو شامل کرنے کا بھی موقع ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اس سے امید کی جارہی ہے کہ ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ملک کے لیے غیر ملکی زرمبادلہ بھی بڑھے گا’۔ جنوری کے مہینے میں سروسز کی برآمدات جہاں بڑھ کر دو ہندسوں، 10.5 فیصد ہوگئی ہے وہیں فری لانسرز کی حد بڑھانے سے اس میں مزید اضافے کی امید کی جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button