فنانشل ٹائمز کی رپورٹ عمران نیازی کیخلاف فرد جرم ہے

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا معتبر عالمی ادارے فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے جس نے پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ، غیرقانونی بھاری رقوم کی ترسیل کے حقائق بے نقاب کر دیئے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا رپورٹ میں بیان کردہ ٹھوس حقائق چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ عمران نیازی جھوٹ، تضادات اور منافقت کا پیکر ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ میں چندے کے نام پر جمع ہونے والی خیرات تحریک انصاف کو منتقل کی گئی، برطانیہ میں بزنس ٹائیکون اور ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی پی ٹی آئی کیلیے خیرات کے نام پر پیسہ جمع کرتے رہے، اور انہوں نے فنڈ ریزنگ کیلیے برطانیہ میں ٹی ٹوئنٹی میچز کروائے۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے اراکین قومی اسمبلی اور پاک امریکن بزنس فورم کے وفد سے ملاقات کی، وفد میں سیکٹری جنرل پاک امریکن بزنس فورم وقار خان، صدر ریاض حسین اور سینئر نائب صدر انور اعظم شامل تھے اس کے علاوہ وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی اور متعلقہ اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعطم نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں ریاست پہلے، سیاست بعد میں کی پالیسی کے تحت حکومت کی باگ دوڑ سنبھالی، معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے ہم نے مشکل فیصلے کئے ہیں۔ پاکستان میں انتشار اور معیشت کی تباہی کے ذمہ داران کے برعکس ہم محنت اور لگن سے ملکی ترقی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر عملدرآمد سے ہم بجلی کی پیدوار کا انحصار درآمدی تیل پر کم کرکے قابلِ تجدید ذرائع بروئے کار لائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا ہم ترجیحی بنیادوں پر6 سے 7 ہزار میگاواٹ قابلِ تجدید بشمول سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ہم نے لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری حکومتی اخراجات کو کم کیا۔
وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے مسائل اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے فوری طور پر ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
