فواد خان اور صنم سعید کا ایک بار پھر اکٹھا ہونے کا امکان

ماضی کے مقبول ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ میں جوڑی کا کردار ادا کرنے والے اداکار فواد خان اور صنم سعید بہت جلد بھارت میں بنائی جانے والی ایک ویب سیریز میں اکٹھے کام کرتے دکھائی دیں گے۔ بھارتی پروڈیوسر شیلجا کجریوال نے انسٹاگرام پر فواد خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن میں لکھا ہے کہ ’بلآخر، ’زندگی سفل‘۔
ان کی جانب سے شیئر کی گئی فواد خان کی تصویر میں اداکار کو قدرے مختلف روپ میں دیکھا جا سکتا ہے اور اندازہ ہوتا ہے کہ یہ تصویر اداکار کے کسی ڈرامے یا ویب سیریز کے کردار کی ہے۔ اگرچہ شیلجا کجریوال نے فواد کی تصویر کے ساتھ مزید کچھ نہیں لکھا، تاہم مداحوں نے کمنٹس کرکے ان سے پوچھنا شروع کر دیا کہ کیا فواد خان کے ہمراہ صنم سعید بھی پروجیکٹ کا حصہ ہوں گی؟
بھارتی پروڈیوسر کی تصویر پر پاکستانی فلم ساز مہرین جبار نے کمنٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ وہ اس کے لیے پرجوش ہیں۔ بھارتی پروڈیوسر کی پوسٹ پر مہرین جبار کی جانب سے کمنٹس کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے چہ مگوئیاں شروع کردیں کہ جلد ہی فواد خان ویب سیریز میں دکھائی دیں گے، جسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر نشر کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ شیلجا کجریوال ’زی فائیو‘ کے لیے ویب سیریز اور فلمیں پروڈیوس کرتی ہیں، انہوں نے متعدد بولی وڈ فلمیں بھی بنائی ہیں جن میں ’قریب قریب سلا، مداری، ٹوبا ٹیک سنگھ، حمیدابائی کی کوٹھی، جیون ہاتھی اور لالا بیگم‘ شامل ہیں۔
خبریں یہ ہیں کہ ممکنہ طور پر فواد خان ویب سیریز کو پروڈیوس کر رہی ہیں، جسے مہرین جبار بنا رہی ہیں لیکن اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیقی خبر سامنے نہیں آ سکی۔ مہرین جبار نے کچھ ماہ قبل ہی ’زی فائیو‘ کے لیے ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ نامی ویب سیریز بنائی تھی، جسے کافی پسند کیا گیا۔
اب افواہیں ہیں کہ ممکنہ طور پر مہرین جبار پھر سے ’زی فائیو‘ کے لیے فواد خان اور صنم سعید سمیت دیگر اداکاروں پر مبنی ویب سیریز بنانے میں مصروف ہیں، جس کا ممکنہ نام ’زندگی سفل‘ ہے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
خیال رہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ماضی کے مقبول ڈرامے ’زندگی گلزار ہے‘ میں جوڑی کو کافی سراہا گیا تھا اور اس ڈرامے کو بھارت میں بھی خوب پسند کیا گیا تھا۔اسکے علاوہ فواد خان بھارت میں ’اے دل ہے مشکل اور کپور اینڈ سنز‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں اور وہاں ان کے لاکھوں مداح ہیں۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ فواد خان اور صنم سعید کی ممکنہ ویب سیریز سے متعلق جلد ہی مہرین جبار یا شیلجا کجریوال مزید وضاحت کریں گی۔
