فواد خان کی کس غلطی نے انہیں شوگر کا مریض بنا ڈالا


پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان کو ہالی ووڈ سٹار کرسچین بیل اور بالی ووڈ سٹار عامر خان کی طرح فلم کے لیے وزن بڑھانا تب مہنگا پڑ گیا جب وہ صحت بگڑنے کے باعث ہسپتال جا پہنچے۔
فواد خان کے مطابق انہوں نے فلمی کردار کی ڈیمانڈ کے مطابق جسم بنانے کی کوشش کی جو انہیں بہت مہنگی پڑ گئی اور انہیں ہسپتال میں داخل ہونا پڑ گیا۔ انڈین ایکسپریس نے فواد خان کی ایک چیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کسی دور میں ان پر عامر خان جیسی باڈی بنانے کا بھوت سوار ہوا تھا تاہم وہ کوشش کے باوجود ان جیسا جسم نہ بنا پائے۔ آج کل اپنی آنے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی پروموشن میں مصروف فواد خان کا کہنا تھا کہ جو میں نے اپنے ساتھ کیا وہ نہیں کرنا چاہئے تھا کیونکہ اس عمل نے مجھ پر منفی اثر ڈالا لہذا میں اب کبھی باڈی بنانے کے چکر میں نہیں پڑوں گا۔

’اے دل ہے مشکل‘ اور ’کپور اینڈ سنز‘ سمیت متعدد ہندی فلموں میں کام کرنے والے فواد خان نے بتایا کہ جب لوگ کم وقت میں اپنی باڈی شیپ تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس کا نقصان ہو جاتا ہے۔ میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا اور میرے گردوں نے کام چھوڑ دیا جس کے بعد مجھے دس روز تک ہسپتال میں داخل رہنا پڑا۔فواد خان نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے ہسپتال میں یہ صرف دس روز گزارے لیکن انہیں مکمل صحت یاب ہونے میں تین مہینے لگ گئے جس کے بعد انہیں پتہ چلا کہ وہ شوگر کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

پاکستانی سٹار نے بتایا کہ فلم کے کردار کی مناسبت سے وزن بڑھانے سے قبل ان کا وزن 75 کلوگرام تھا تاہم انہیں کیریکٹر کی ڈیمانڈ کے مطابق 100 کلوگرام تک وزن بڑھانا پڑا۔ اپنے اس عمل کو ایک سنگین غلطی قرار دیتے ہوئے فواد خان نے کہا کہ میں اس کا پر گھنٹوں صرف کرتا رہا کیونکہ میرے پاس وقت کم تھا۔ تاہم یہ درست طریقہ نہیں تھا، حالانکہ میں عمران خان نہیں ہوں لیکن پھر بھی میں نے وہی کرنے کی کوشش کی جو عامر کرتے ہیں۔ فواد نے کہا کہ انسانی جسم میں بڑی کی تبدیلیاں راتوں رات نہیں آ سکتیں، اس لیے اپنی صحت کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنا چاہیے۔

Back to top button