فوج کیخلاف جعلی خبریں چلانے والےمزید اکائونٹس پکڑے گئے

پاک فوج اور آرمی چیف سے متعلق سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے والے مزید اکائونٹس پکڑے گئے ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ ضلع جھنگ کا رہائشی اور بیرون ملک مقیم انجینئر نوید افضل نامی شخص نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق غلط ویڈیوسوشل میڈیا پر پھیلائی، اور کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لندن میں پاکستانی سفارتخانے میں 14 اگست کی مناسبت سے تقریب میں شرکت کی۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں آرمی چیف کے2021 کےدورہ یوکرین کی ویڈیوغلط منسوب کی گئی، اور اس ویڈیو کو 14اگست 2022 کی پاکستانی سفارتخانےمیں جشن آزادی کی تقریب قراردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ نوید افضل تحریک انصاف کا اسپورٹر ہے، اور پھیلائی گئی غلط خبرکو سب سے زیادہ ری ٹویٹ بھی پی ٹی آئی کے حامیوں نے کیا۔ ٹویٹ کو 64 ہزار افراد نے لائک کیا، اور 9 ہزار افراد نے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا۔

ادھر ایف آئی اے راولپنڈی کی جانب سے میجر (ر) عادل فاروق راجا کے خلاف کیس فائل کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کے خلاف ایک باقاعدہ مہم چلائی گئی، اور عادل فاروق بھی پاک فوج کے خلاف ایک مہم چلارہے تھے،مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عادل فاروق نے سانحہ لسبیلہ میں شہید ہونے والے افسران کے خلاف بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ لگائی تھی، جس میں شہدا کو تضحیک کا نشانہ بنایا گیا ۔

درج مقدمے میں سخت ترین دفعات شامل کی گئی ہیں، جن میں سیکشن بی 24 بھی شامل ہے، اور انہی دفعات کی روشنی میں ان کی گرفتاری کے لئے وزارت داخلہ سے اجازت طلب کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق عدیل فاروق راجا ملک سے باہر ہیں۔

یاد رہے کہ فیک نیوز اور پاک فوج کے خلاف جعلی پوسٹیں لگانے والے 250 افراد کی نشاندہی کی گئی تھی، جن میں سے 9 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے،گرفتار افراد پر الزام ہے کہ یہ بہت بڑا نیٹ ورک چلارہے تھے، اور گزشتہ 3 ماہ میں ان کی جانب سے پاک فوج کے خلاف مہم میں لگنے والی پوسٹوں پر 50 لاکھ سے زائد افراد کے لائکس، شیئرز اور کمنٹس کو فالو کیا گیا، اس دوران ملزمان نے تقربیاً 24 ہیش ٹیگ بھی بنائے۔

Back to top button