فیاض چوہان نے ٹک ٹاک گرلز کو صحافیوں کے خلاف استعمال کیا

اپنے منہ پھٹ روئیے کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہنے والے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی ٹک ٹاک سٹارزکے ساتھ کی گئی تازہگفتگو وائرل ہونے کے بعد فیاض چوہان کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی ہے۔ وائرل واٹس ایپ کال میں جہاں فیاض الحسن مختلف اداروں کے معتبر صحافیوں پر دشنام درازی کرتے سنائی دئیے وہیں پر وہ حریم شاہ کو اپنے راز افشاء نہ کرنے کے حوالے سے میڈیا میں نہ جانے کی ترغیب دیتے ہوئے بھی سنائی دئیے۔
ٹک ٹاک سٹارز حریم شاہ اور صندل خٹک کی طرف سے اینکر پرسن مبشر لقمان کے جہاز کی ویڈیو منظرعام پر لانے کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اورمبشر لقمان ابھی تک ایک دوسرے سے شدید ناراض ہیں۔ مبشر لقمان برملا اس بات کا اظہار کرتے آئے ہیں کہ ان کے جہاز کے حوالے سے ویڈیو بنانے میں ٹک ٹاک گرلز کو فیاض چوہان کا پوار تعاون حاصل تھا اور صوبائی وزیر نے یہ سب کچھ انھیں بدنام کرنے کیلئے کیا۔ مبشر لقمان کے دعوے نے سچائی کا روپ اس وقت دھارا جس وقت حریم شاہ اور فیاض الحسن چوہان کی ایک آڈیو کال ریکارڈنگ لیک ہوئی۔ وائرل ہونے والی فیاض چوہان اور حریم شاہ کے درمیان مشبر لقمان کے جہاز میں چوری اور ویڈیو بنانے کے حوالے سے گفتگو ہو رہی تھی۔
فیاض الحسن چوہان حریم شاہ سے کہتے سنائی دیتے ہیں کہ آپ نے اب میڈیا پر نہیں آنا اور یہ بات صندل خٹک کو بھی سمجھا دو۔ حریم شاہ فیاض الحسن چوہان سے کہتی ہیں کہ کوئی بھی آپ کا نام لے تو ہم اس کی بےعزتی کر دیتی ہیں۔ کال کے دوران فیاض الحسن چوہان نجی ٹی وی میں کام کرنے والے اینکر رائے ثاقب کھرل کے بارے میں بھی نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان کال میں حریم شاہ کو میڈیا پر نہ آنے پر قائل کرتے ہیں۔ تاہم حریم شاہ کہتی ہیں کہ وہ میڈیا پر آئیں گی لیکن فیاض الحسن چوہان کے بارے میں کوئی بات نہیں کریں گی، صرف مبشر لقمان پر تنقید کریں گی۔ جس پر فیاض چوہان کہتے ہیں کہ میڈیا میں کسی اینکر سے بات نہ کریں کیونکہ یہ اینکر سب ایک دوسرے سے ملے ہوتے ہیں لیکن حریم شاہ میڈیا میں آنے کا دفاع کرتی سنائی دیتی ہیں۔
خیال رہے کہ کہ گزشتہ دنوں اینکر پرسن مبشر لقمان کے ذاتی جہاز کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مبشر لقمان نے ٹک ٹاک گرلز حریم شاہ اور صندل خٹک پر چوری کا الزام عائد کیا تھا اورٹک ٹاک بنانے والی دونوں لڑکیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی۔
مبشر لقمان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیاتھا کہ فیاض الحسن چوہان کی ایماء پر دونوں لڑکیاں انکے جہاز میں گُھسیں اور لاکھوں روپے مالیت کی کیمروں سمیت دیگر سامان لے اُڑیں۔ اس کے بعد دونوں لڑکیوں حریم شاہ اور صندل خٹک نے بتایا تھا کہ انہیں ایک بڑی شخصیت نے ائیرپورٹ میں داخل کروایا اور مبشر لقمان کے جہاز تک پہنچایا انھوں نے اس وقت تو فیاض چوہان کا نام نہیں لیا تھا تا ہم اب ان کی باہمی گفتگو کی ریکارڈنگ سے پورا قصہ سامنے آ چکا ہے۔
ابھی تک آڈیو کال ریکارڈنگ کے حوالے سے فیاض چوہان کا موقف تو سامنے نہیں آیا تاہم حریم شاہ نے فیاض چوہان کے ساتھ گفتگو کی تصدیق کی ہے ان کا کہنا تھا کہ وائرل ہونے والی کال ریکارڈنگ حقیقت پر مبنی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پاس اور بھی بہت سارے حکومتی وزراء کی ویڈیوز موجود ہیں لیکن انھوں نے عمران خان کی وجہ سے وہ ہولڈ کی ہوئی ہیں۔ حریم شاہ نے ایک تصویر بھی اپلوڈ کی ہے جس میں وہ کسی کی گود میں بیٹھی نظر آتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے یہ بھی ایک اہم وزیر اور عمران خان کے قریبی ساتھی ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس کی وزارت بھی میری ویڈیوز سے ہی جائے گی، وہ کہتی ہیں وزیر کا نام آنے والے دنوں میں ظاہر کردوں گی مگر مشاہدہ کیا جائے تو مذکورہ شخص کو پہچاننا ناممکن بھی نہیں. تصویر میں میں ان کی گودمیں بیٹھی ہوں یہ میرے مشن کا حصہ ہے مشن کرتے وقت بعض دفعہ کئی لوگوں سے فرینک ہونا پڑتا،مذاق کرنا پڑتا گود میں بھی بیٹھنا پڑجاتا ہے مگر ان سب باتوں کا کوئی مقصد ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے عمران خان بہت پسند ہیں وہ میرے لیڈر ہیں اگر وہ وزیر اعظم نہ ہوتے تو یہ جتنے وزیر بنے ہیں میں ان سب کے کرتوت عوام کے سامنے لے آتی مگر میں نہیں چاہتی عمران خان کی حکومت کو میری وجہ سے نقصان پہنچے۔
