فیس بک، انسٹاگرام اور میسنجر میں اہم تبدیلیاں

اگر آپ اپنے بچوں کی جانب سے سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر بہت زیادہ وقت گزارنے پر پریشان رہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ میٹا کی جانب سے اس حوالے سے چند نئے ٹولز متعارف کرائے گئے ہیں۔
میٹا کی جانب سے میسنجر میں پیرنٹل کنٹرولز، فیس بک پر ٹیک اے بریک جبکہ انسٹاگرام پر nudges جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔
یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب میٹا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تنقید کی جا رہی ہے کہ ان کے باعث نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ میٹا کی ایپس کو استعمال کرنے کی کم از کم عمر 13 سال ہے۔میٹا کی جانب سے پہلی بار میسجنگ ایپ میسنجر میں پیرنٹل سپرویژن ٹولز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔یہ ٹولز انسٹاگرام میں کافی عرصے سے دستیاب ہیں۔
میسنجر میں ان ٹولز کی مدد سے والدین یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ان کے بچے کتنا وقت چیٹ ایپ پر گزارتے ہیں جبکہ وہ ان کی کانٹیکٹ لسٹ کی تفصیلات بھی دیکھ سکتے ہیں۔
ایک اور نئے فیچر کے ذریعے والدین اور نوجوان نوٹیفکیشنز کے ذریعے ایک دوسرے سے بات چیت بھی کر سکیں گے۔
