لانگ مارچ کی نگرانی کیلئے راولپنڈی میں کنٹرول سینٹر قائم

پی ٹی آئی لانگ مارچ کی سیکیورٹی کے لیے راولپنڈی میں کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے،سیکیورٹی پلان کے مطابق گھروں کی چھتوں پر 100 سے زائد سنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈ کوارٹر نگرانی کے لیے 24 گھنٹے کنٹرول سینٹر میں موجود رہیں گے، سخت حفاظتی انتظامات کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو لے جانے والے کنٹینر کے گرد 2500 سے زائد پولیس اہلکاروں کو وقف کیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ کنٹرول سینٹر میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں سے حاصل کی گئی ویڈیو فوٹیج کی نگرانی کے لیے ایک افسر کو تعینات کیا گیا ہے، سینٹر کے انچارج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے فوکل پرسنز سے رابطے میں رہیں گے، کنٹرول سینٹر سے تمام معلومات علاقائی پولیس افسر (آر پی او)، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کو پہنچائی جائیں گی۔
سرکاری ہسپتالوں میں تعینات پولیس اہلکار ہائی الرٹ رہیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں میں امدادی مراکز فعال رہیں گے، ترجمان نے مزید کہا کہ ڈیوٹی پر موجود تمام اہلکاروں کے لیے آفیشل کارڈز اور شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔پولیس اسٹیشن اور ہیڈ کوارٹر کی سطح پر ویڈیوز کی فلم بندی کو لازمی قرار دیا جائے گا، سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی نگرانی کریں گے۔ دہشت گردی اور تخریب کاری کے خطرے کے پیش نظر راولپنڈی پولیس کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لانگ مارچ کے دوران عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے کنٹینر پر ایلیٹ کمانڈوز اور اسنائپرز تعینات ہوں گے اور 3 حفاظتی باڑیں بھی لگائی جائیں گی، ترجمان پولیس نے کہا کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بغیر کسی بھی شخص کو مرکزی کنٹینر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید شہزاد ندیم بخاری نے ڈپٹی کمشنر ریٹائرڈ کیپٹن شعیب علی، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان، ایس پی (صدر) محمد نبیل کھوکھر اور ایس پی سیکیورٹی فیصل سلیم کے ہمراہ گوجر خان کا دورہ کیا، سی پی او نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔
