’’لیاری ککری گراؤنڈ سے پیپلزپارٹی کی تین نسلوں کا رشتہ‘‘

پیپلزپارٹی کا لیاری کے ککری گرائونڈ سے رشتہ تین نسلوں پر محیط ہے جوکہ ضیاالحق کو للکارنے سے شروع ہوا تھا، پیپلزپارٹی کی ککری گراؤنڈ سے وابستگی کی ایک لمبی داستان ہے، محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی کا یادگار دن یعنی سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے شادی کیلئے اسی گراؤنڈ کو منتخب کیا تھا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گذشتہ روز لیاری میں ککری سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا جس کے بعد بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو نے سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کیونکہ میں آج اپنے لیاری میں موجود ہوں، آج شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا دن بھی ہے اور ہم اس گراؤنڈ میں آئے ہیں جہاں صدر زرداری اور بے نظیر بھٹو کی شادی ہوئی تھی، لیاری سے تین نسلوں کا رشتہ ہے، اسی گراؤنڈ سے جنرل ضیاالحق کو للکارا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی ککری گراؤنڈ سے وابستگی کی ایک لمبی داستان ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی کا یادگار دن یعنی سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے شادی کے لیے اسی گراؤنڈ کو انتخاب کیا تھا، یہ وہ تاریخی شادی تھی جس میں نہ صرف پیپلز پارٹی کے اہم رہنما بلکہ انڈیا سمیت کئی ممالک کے سیاسی رہنماؤں، اداکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔
پہلے کنکری گراؤنڈ اور بعد میں بگڑ کر ککری بن جانے والے اس گراؤنڈ میں 1960 کی دہائی میں اہم سیاسی رہنما بڑے جلسے کرتے تھے۔ کچھ عرصہ قبل تک یہ میدان ٹوٹا پھوٹا تھا جہاں بچے کرکٹ اور فٹ بال کھیلتے تھے جبکہ بزرگ شوقیہ تاش کھیل کر اپنا وقت گزارتے تھے۔لیاری کے ککری گراؤنڈ میں پیپلزپارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو نے 1967 میں تاریخی جلسہ کر کے کراچی میں پارٹی کا پہلا دفتر قائم کیا تھا۔
لیاری کی سیاسی تاریخ پر دسترس رکھنے والے رحیم بخش آزاد المعروف آزاد ابا نے بتایا کہ ککری گراؤنڈ میں کئی جلسے کیے مگر یہ میدان کھیل کے گراؤنڈ سے سیاسی گراؤنڈ 1962میں بنا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی بنانے کے بعد کراچی میں اپنے پہلے دفتر کے لیے لیاری کا انتخاب کیا۔ بقول آزاد ابا ذوالفقار علی بھٹو کو ان کے والد سر شاہ نواز بھٹو نے ہدایت کی تھی کہ کراچی پر سیاسی کنٹرول اور محمد ہارون کے سیاسی اثر کا مقابلہ کرنے کے لیے لیاری پر کنٹرول لازمی ہے۔
آزاد ابا کے مطابق بھٹو نے دفتر کھولنے سے پہلے لیاری کے لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے ایک ریلی کا اہتمام کیا۔ ریلی کے لیے ایک خاص ٹرک بنایا گیا تھا جس پر سوار ہو کر بھٹو نے لیاری کے گلی کوچوں کا سفر کیا۔
بھٹو کے 1967 والے جلسے کو آج بھی کئی لوگ یاد کرتے ہیں۔ بزرگ محمد علی کے مطابق بھٹو کے جلسے میں شرکت ہر طرف سے بس لوگ ہی لوگ آ رہے تھے، بے نظیر بھٹو نے خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے لندن سے واپسی پر پہلا جلسہ ککری گراؤنڈ میں ہی کیا تھا جو میر مرتضیٰ بھٹو کے قریبی ساتھی علی سونارا نے منعقد کیا تھا۔
ککری سپورٹس کمپلیکس کی تزئین و آرائش کا منصوبہ جنوری 2022 میں شروع ہوا اور جون 2023 میں 1.365 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ منصوبے کے تحت 18 ہزار سکوائر فٹ رقبے پر سپورٹس کمپلیکس کی ایک کثیر المقصد عمارت تعمیر کی گئی ہے۔
وزیراعلی سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کے مطابق قومی و عالمی فٹ بال مقابلوں کے دوران بڑے ہجوم کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے نئے پویلین کی تعمیر کے ساتھ آرکیٹیکچرل سطح کی بناوٹ والی ٹائلیں فراہم کرکے موجودہ سٹیڈیمز کی ریٹروفٹنگ کی گئی ہے۔
تمام سہولیات کے ساتھ متعلقہ دفاتر، بیت الخلا، کھلاڑیوں کے لیے چینجنگ رومز وغیرہ کی سہولیات سے گراؤنڈ لیس ہیں۔ ایک نئی کثیر المنزلہ عمارت جس میں انڈور باسکٹ بال کا مقام، 200 لوگوں کے لیے سٹیڈیم، 45 گاڑیوں کے لیے زیر زمین کار پارکنگ، تمام افراد خاص طور پر معذور افراد کے لیے چینجنگ روم، کشادہ لاؤنجز، مینیجر آفس، بڑی گیلریاں، جمنیزیم ، کیفے ٹیریا، داخلی راستے، ٹیبل ٹینس کورٹ، کراٹے جمنیزیم، باکسنگ جمنیزیم، لائبریری، مشین روم اور بہت کچھ سہولیات سے آراستہ ہے۔
