متحدہ امیدوار پیپلزپارٹی کے متوقع سینیٹر وقار مہدی کے حق میں دستبردار

پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو منا لیا، ایم کیو ایم کے امیدوار سینیٹ الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی کے امیدوار وقار مہدی کے حق میں دستبردار ہوگئے، وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ ایک دو دن میں کراچی میں ایم کیو ایم کا نامزد ایڈمنسٹریٹر لگا دیا جائے گا۔

ایم کیو ایم پاکستان نے سینیٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا، پی پی پی کی سندھ حکومت نے بھی ایم کیو ایم کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عہدہ دینے پر اتفاق کرلیا، ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی کے حق میں امیدوار دستبردار کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد پر وزیربلدیات ناصر شاہ کی قیادت میں وفد ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کیلئے پہنچا، اس موقع پر 8 دسمبر کو ہونے والے سینیٹ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے بعد ایم کیو ایم رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ 8 دسمبر کو سینیٹ کا الیکشن ہے، اسی لیے ناصر شاہ تشریف لائے ہیں۔

پی پی کی درخواست پر امیدوار کو دستبردار کروایا جائے گا، رابطہ کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ کل اپنے امیدوار کو دستبردار کروالیں گے، دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وقار مہدی کے حق میں ایم کیو ایم امیدوار دستبردار ہوں گے تو وہ کل ہی سینیٹر بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وقار مہدی کے مقابلے میں کوئی اور امیدوارنہیں تھا، عمران خان حکومت سے نکلنے کے بعد بوکھلائے ہوئے ہیں۔ناصر شاہ نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ایم کیو ایم سے بات حتمی تھی کہ جو نامزد تھے ان کو ایڈمنسٹریٹر بنایا جائے گا اور ایک دو دن میں ایم کیو ایم کا ایڈمنسٹریٹر تعینات ہوجائے گا۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مستعفی ہونے کے بعد نشست خالی ہوئی تھی جس پر پولنگ 8 دسمبر میں ہوگی۔

Back to top button