محمد رضوان نے بڑے بڑے کھلاڑیوں‌ کو پیچھے چھوڑ دیا

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران قومی اوپننگ بلے باز محمد رضوان نے کرس گیل اور ویرات کوہلی سمیت بڑے بڑے کھلاڑیوں کو مات دے دی ہے۔

قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی میگا ایونٹ میں زبردست کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، محمد رضوان کا بلا نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ اور پاکستان سپر لیگ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران بھی خاموش نہیں ہوا ہے ۔

پاکستانی بلے باز محمد رضوان نے رواں سال 1666 رنز بنا کر مختصر دورانیے کی کرکٹ میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ محمد رضوان نے یہ کارنامہ سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے دوران انجام دیا ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں 1665 رنز بنائے تھے۔زیادہ رنز بنانے والوں‌ کی فہرست میں دوسرے نمبر پر بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں ، جنہوں نے 2016 میں 1614 رنز بنائے جب کہ بابراعظم نے 2019 میں 1607 رنز بنائے تھے۔

وکٹ کیپر بلے باز نے ایک سال کے دوران سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے بلے باز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے۔

محمد رضوان رواں سال نہ صرف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل ہوئے بلکہ وہ اس وقت بابراعظم ، ڈٰیوڈ ملان، ایرون فنچ کے بعد چوتھی پوزیشن پر قبضہ کیے ہوئے ہیں۔

Back to top button