مخالفین کو دھمکیاں، علی امین گنڈاپورکی الیکشن کمیشن میں طلبی

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسہ کرنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سختی سے نوٹس لے لیا. الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور پیپلز پارٹی کے ایم پی اے احمد کریم کنڈی کو نوٹس جاری کر دیا. الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور صوبائی رکن اسمبلی احمد کریم کنڈی کو الیکشن آفس میں پیش ہو کر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے.
الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مائنیٹرنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اس کیس کی مکمل مائیٹرنگ کر رہا ہے۔ الیکشن کمیشن صوبے میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر علی امین نے چھوٹے بھائی عمر امین گنڈاپور کی الیکشن کمپین کے دوران ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن بلدیات کا ہے، بلدیات کا منسٹر کون ہے فیصل امین گنڈاپور میرا بھائی،فنڈز کس نے دینے ہیں، بلدیات کی منسٹری اور حکومت نے، بلدیات کی منسٹری فیصل امین گنڈاپور کے پاس ہے اور حکومت کس کی ہے پی ٹی آئی (تحریک انصاف) کی ہے۔ جو دشمنوں کے ساتھ ملکر میرے بھائی کے خلاف ووٹ مانگ رہا ہےوہ یہ سوچ لیں اگر وہ جیت بھی گئے کسی ویلج کونسل کی سیٹ پر ایک دو بندے ہیں۔ جنہوں نے میرے بھائی کے خلاف ووٹ مانگ کر یہ کام کیا تو وہ یاد رکھیں کہ اُن مخالفین کے کام اور فنڈز تو چھوڑ دیں اگر یہ لوگ بلدیات کے دفتر میں داخل ہو گئے تو میری مونچھیں منڈوا دیں
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف امیدواروں کی جانب سے اعتراضات کیے جا رہے تھے جس پر ایکشن لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے دونوں منتخب نمائندوں کو حاضر ہو کر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں منتخب نمائندوں نے اپنے اپنے جواب الیکشن کمیشن کو جمع کروا دئیے ہیں.
