مخصوص جماعت کے اکاؤنٹس نازیبازبان استعمال کررہے ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت سے وابستہ سینکڑوں ٹرول اکاؤنٹس اشتعال انگیزی کو ہوا دینے کے لیے نازیبا زبان اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہے ہیں۔
ایکس پر سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کا ایک کلپ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایسے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور آزاد جموں و کشمیر میں کشیدگی اور اشتعال کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس حوالے سے دانیال عزیز کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سیاسی جماعت اور اس کی دوسری اور تیسری صف کی قیادت کے بارے میں دانیال عزیز نے درست نشاندہی کی ہے۔
فیصل راٹھور کے مطابق اس جماعت کے حامی بیرون ملک پاکستان مخالف مظاہروں میں شریک ہوتے دیکھے گئے ہیں، جبکہ اس سے وابستہ بعض یوٹیوبرز موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ویوز اور مواد کی تشہیر میں اضافے کے لیے جھوٹ، قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ معلومات پر مبنی مواد نشر کررہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیاکہ ایسے عناصر حقائق پر مبنی معلومات فراہم کرنے کے بجائے اشتعال انگیزی کو فروغ دے رہے ہیں اور سوشل میڈیا کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران سوشل میڈیا پر سیاسی قیادت اور اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جارہی ہے۔
