مریم اورنگزیب کا جہانگیر ترین اور خسرو بختیارکی ملوں کی تلاشی کا مطالبہ

مریم اورنگزیب نے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی آٹے اور چینی کی ملوں کی تلاشی کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا آٹا، چینی چور اور مہنگائی مافیا کی سربراہی وزیراعظم کر رہے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کو بتایا جائے جہانگیر ترین نے کیوں اور کتنی چینی برآمد کی ؟ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی چینی اور آٹے کی ملوں کی اب تک تلاشی کیوں نہیں ہوئی ؟ انھوں نے مزید کہا کہ عوام کی روٹی، چینی اور آٹا چھین کر دوستوں کی جیبیں کیوں بھری جا رہی ہیں ؟ ایک سال میں 13 ہزار ارب کا قرضہ کس کی جیب میں گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو بتایا جائے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کس کی جیب میں جا رہا ہے ؟ دوائیوں کی قیمتوں میں تاریخی اضافے سے کمایا گیا مال کس کی جیب میں گیا ؟ انھوں نے مزید کہا کہ آپ کے دوستوں نے آپ کے ساتھ مل کر کتنی چینی باہر بھجوائی، عمران صاحب چینی چور، منافع خور اور ذخیرہ اندوز اپنے دوستوں کے خلاف کب کاروائی کریں گے؟ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ بیرون ملک چینی بیچ کر اربوں کمانے والے اب چینی باہر سے منگوا کر پھر تجوریاں بھر رہے ہیں۔ قوم کی جیب پر ڈاکہ کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟
انھوں نے مزید کہا کہ بتایا جائے کہ عمران خان کی سرپرستی میں ان کے دوستوں نے پابندی کے باوجود چینی اور آٹا درآمد کیوں کیا ؟۔ جہانگیر ترین، خسرو بختیار اور ہمایوں اختر کی ملزمیں کتنی چینی ہے؟
