مسائل حل کرنے کیلئے سندھ ، وفاق کو مل کر چلنا ہوگا

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے لیے وفاق اور سندھ کو مل کر چلنا ہوگا۔

کراچی میں سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی ساری دنیا سے سرمایہ کاری کو  حاصل کر  سکتا ہے لیکن اس کے لیے  انفرا اسٹرکچر  کو بہتر بنانا ہوگا  اور بنیادی انفرا اسٹرکچر کے اندر سب سے اہم چیز اس شہر کا ٹرانسپورٹ سسٹم ہوتا ہے، سرکلر ریلوے اس کی ایک بہت بڑی مثال ہے جو سارے کراچی سے گزرے گا جس سے سڑکوں سے گاڑیوں کا دباؤ کم ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان  نے مزید کہا کہ کراچی  جس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے ہمیں  گرین لائن کے علاوہ  ٹرانسپورٹ کے دیگر آپشنز پر بھی غور کرنا پڑے گا ، کراچی میں دوسرا بڑا مسئلہ صاف پانی کا ہے جوکہ دو سال کے اندر حل ہو جائے گا ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ  بہت سی چیزیں ایسی ہیں جس میں وفاقی حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی اور بہت سے معاملات میں صوبائی حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، ہمیں  ملک کی خاطر، سندھ کی خاطر اکٹھے ہو کر چلنا پڑے گا۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ  وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے کہ بنڈل آئی لینڈ کے معاملے پر نظرثانی کریں کیونکہ اس کا زیادہ فائدہ سندھ کو خود ہوگا ، اگر کراچی ایسے ہی پھیلتا گیا تو مسائل کا حل مشکل ہو جائے گا ۔

واضح رہے کہ  صوبائی دارالحکومت  کا  سرکلر ریلوے 29 کلو میٹر طویل ہوگا جس پر 207 ارب روپے خرچ آئے گا ، منصوبہ 3 سال میں مکمل  کر لیا جائے گا ، منصوبے سے  800 سے زائد مسافر سفر کی سہولیات حاصل کر سکیں گے ۔

Back to top button