مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر الیکشن کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان

مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور راجا فاروق حیدر اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دھاندلی کا معاملہ الیکشن کے دن نہیں الیکشن سے پہلے شروع ہوگیا تھا، آزاد کشمیر الیکشن میں امیدوارو ں کو بلاکر کہا گیا کہ وفاداری بدل لو، دباؤ اور لالچ کے باوجود ہمارے امیدوار کھڑے رہے، مسلم لیگ ن نے الیکشن میں دوسری جماعتوں سے بڑے جلسے کیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ وزیراعظم نے آزاد کشمیر الیکشن میں آئین ، حکومت ، آئینی اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے،اگر چیزیں سامنے لاؤں تو ہندوستانی ٹی وی بھی دکھائے گا، جس سے ہمارے اپنے ہی کپڑے اتریں گے،میں سارے الیکشن بارے بتاسکتا ہوں کہ کس الیکشن میں کیا ہوا،یہ کیا الیکشن ہے؟ یہ پیسے کا الیکشن ہے، پیسے کی بنیاد پر آپ لوگوں کا ایمان خریدتے ہیں، یہ پیسے اور فراڈ کا ووٹ ہے،ہم کوئی بھیڑ بکریاں تو نہیں ہیں، پوری دنیا کو عمران خان کا چہرہ دکھانے کیلئے قومی بین الاقوامی سطح پر تحریک چلاؤں گا، الیکشن مذاق نہیں ہے کہ ڈرا دھمکا کر ایمان خریدا جائے۔مہاجر کیمپ میں لوگوں کو پیسے دیئے گئے۔
