معاشی ماہرین کا پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ

حکومت کیلئے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی برقرار رکھنا چیلنج بن گیا ہے، کاروباری افراد کے بعد معاشی ماہرین نے بھی حکومت کو سبسڈی ختم کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

معاشی ماہرین یوسف نذر اور محمد سہیل کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھائیں تو ڈالر کی قیمت اور بڑھ جائے گی جس کے نتیجے میں مہنگائی بھی اور بڑھے گی، اس دورا ن معاشی ماہرین ممتاز صنعتکار خاقان نجیب اور عابد سلہری نے غریب اور موٹرسائیکل رکھنے والے افراد کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کی تجویز پیش کی۔

خاقان نجیب کا کہنا تھا کہ ملک میں اسمارٹ کارڈ اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا ڈیٹا موجود ہے جس سے مدد لے کر موٹربائیک والوں کو سبسڈی دی جا سکتی ہے، پاکستان میں تیل پر سبسڈی کی وجہ سے ذخیرہ اندوز تیل کی اسمگلنگ کر رہے ہیں۔

انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبرزیدی کا کہنا تھا کہ حکومت نے اگر ڈیڑھ سال رہنا ہے تو سخت فیصلے کرنے ہوں گے، الیکشن جیتنا ہے تو ابھی سخت فیصلے لیں اور ڈیڑھ سال میں چیزیں بہتر کریں، اگر موجودہ حکومت کو ڈٹ کر فیصلے نہیں کرنے تو گھر جائیں۔

Back to top button