معروف کامیڈين امان اللہ کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

سینئر ترین مزاحیہ فنکار امان اللہ خان 3 ماہ قبل گردوں، پھیپھڑوں اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوئے۔ امان اللہ کو لاہور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ 15 دن تک زیرعلاج رہے تاہم طبیعت بہتر ہونے پر انہیں گھر بھیج دیا گیا۔
12دن قبل وہ نمونیہ میں مبتلا ہو گئے تھے جنہیں ایک بار پھر نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی طبیعت بہتر ہوئی تو انہیں 7 دن بعد ڈسچارج کردیا گیا تاہم گھر جاتے ہی ان کی طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی۔
اہل خانہ کے مطابق امان اللہ کو تیسری بار اسپتال لائے ہیں، اب انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا ہے۔
اہل خانہ نے قوم سے ان کی جلد صحت یابی کےلیے دعا کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ امان اللہ خان اسٹیج، ٹی وی اور فلموں کا بڑا نام ہیں جنہیں 2018 میں صدراتی تمغہ برائے حسن کارکردگی بھی دیا گیا تھا۔
