ملازم نے اصلی پینٹگز کوجعلی سے بدل کر نیلام کردیا

جرمن میوزیم کے سابق ملازم کو مبینہ طورپر متعدد پینٹنگز کوجعلی کاپیوں کےساتھ تبدیل کرنے اوراصلی پینٹنگز کو فروخت کرنے کےالزام میں گرفتارکرلیاگیا۔جرمنی کے پرائیویسی کے سخت قوانین کی وجہ سے میونخ میں ڈوئچز میوزیم کے 30 سالہ سابق ملازم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ ملازم نے کم از کم چار پینٹنگز کو کاپیوں سے تبدیل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ 2016 – 2018 کی مدت میں ملازم نے آرٹ کے فن پاروں کو کئی نیلامیوں میں فروخت کیا اور اس رقم کو قرض ادا کرنے کے لیے استعمال کیا۔ علاوہ ازیں رقم کو پرتعیش سامان خریدنے جیسے رولز رائس گاڑی اور مہنگی کلائی گھڑیاں خریدنے میں بھی سرف کیا۔
عدالت میں سابق ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا جس میں اس نے بتایا کہ اس نے اسٹوریج رومز تک رسائی کے موقع سے فائدہ اٹھایا اور قیمتی ثقافتی اثاثے فروخت کیے تاکہ اپنے لیے اعلیٰ معیار زندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
