ملک بھر میں جشن میلاد النبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

سرکارِ دو عالم، نبی مہرباں اور آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
آج صبح دن کے آغاز پر اسلام آباد میں 31 ، صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی دی گئی ، لاہور کے ایوب سٹیڈیم کینٹ میں پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی ، گلی گلی چراغاں ، نعتوں کی محفلیں، درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔
اہم نجی و سرکاری عمارتیں، مساجد اور گلی محلے رنگ برنگی لائٹوں سے سجا دیئے گئے ہیں ، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں ، مختلف تقریبات میں علمائے کرام سیرت طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
کراچی میں جشن میلادالنبیؐ کا اجتماع نشترپارک میں منعقد کیا جائے گا اور جماعت اہلسنت کے تحت جلوس میمن مسجد ایم اے جناح روڈ سے برآمد ہوگا ، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی جائے گی۔ حساس مقامات پر سیکیورٹی کی وجہ سے موبائل فون سروس کو بند رکھا گیا۔
لاہور ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں گلیاں محلے، مساجد جگ مگ کررہی ہیں ، جگہ جگہ درود و سلام کی محافل کا اہتمام ادھر لاہور شہرکو بھی برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے ۔کراچی، ملتان، اسلام آباد، پشاور، گلگت، چترال اور فیصل آباد ائیر پورٹس کو روشنیوں سے سجا دیا گیا جبکہ ملک بھر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دفاتر کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
