عمران خان کےحکم پرپاکستان بندکرنے کیلئےتیار ہیں،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کاکہناہے کہ میں اور قوم تیار ہیں ، عمران خان حکم کریں تو پورا پاکستان بند کردیں گے۔
مانسہرہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نےہزارہ ڈویژن کیلیے 200 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج اور مانسہرہ میں میڈیکل، نرسنگ کالجز جبکہ ٹراما سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ 200 ارب روپے میں سے 50 ارب روپے صرف سیاحتی منصوبوں پر خرچ ہونگے جبکہ مانسہرہ میں میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج، ٹراما سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے تناول فیڈر کے قیام اور 15 کلومیٹر اوگی روڈ کی تعمیر جبکہ تناول اور دربند تحصیلوں کو بھی بہت جلد مکمل فعال کرنے کا اعلان بھی کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کل شیخ ادریس صاحب کو شہید کیا گیا، اس سے قبل بھی قیمتی لوگوں کو شہید کیا گیا، جب ہم دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے تھے تو کہا جاتا یہ جھوٹ بول رہے ہیں، جب معصوم لوگ شہید ہونا شروع ہوگئے تو اب کہتے ہیں آپریشنز کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو لیبارٹری سمجھ کر تجربات کیے جا رہے ہیں، اس کا نقصان غریب عوام کو ہو رہا ہے، 180 نشستیں جیتنے والے شخص کو قید کیا گیا، 17 نشستیں جیتنے والوں کو ہم پر مسلط کیا گیا، جب تک ہم اپنے حق کے لیے کھڑے نہیں ہونگے تب تک ہم ہر ظلم و جبر کرتے رہیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے متحد ہوکر اپنے حقوق کی جنگ لڑنی ہے، ہم نے عمران خان کے نظریے پر اپنی جانیں قربان کی ہیں ، ان کو تکلیف میں دیکھ کر درد ہوتا ہے۔
