شدید گرمی کی پیشگوئی،گلیشائی جھیلیں پھٹنے کا الرٹ جاری

ملک بھر میں 5 روز کے دوران ہیٹ ویو اور گلیشائی جھیلیں پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران جنوبی اور وسطی جبکہ بالائی علاقوں میں 08 سے 10 مئی کے دوران ہیٹ ویو ( گرمی کی لہر) کی صور تحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 7 سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بالائی پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہ سکتی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے شہریوں، بالخصوص بچوں، خواتین، بزرگ افراد اور بیمار شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور زیادہ پانی استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
