ملک بھر میں جشن ولادت رسول ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمان خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں اور سلسلے میں جلسے جلوسوں اور محافل میلاد کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز کے فجر کے بعد مساجد میں امت مسلمہ میں باہمی اتحاد و اتفاق اور ملک کی خوشحالی و ترقی کےلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ رحمۃ للعالمین ﷺ کی ولادت کی خوشی میں ملک کا قریہ قریہ، گلی گلی اور شہر شہر برقی قمقموں، سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ نبی آخر الزمان ﷺ کی تعلیمات اور زندگی پوری انسانیت کےلیے سرچشمہ ہدایت ہیں، جنہیں خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے ملک کے مختلف حصوں میں خصوصی محافل میلاد، تقریبات اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس کا انعقاد آج اسلام آباد میں کیا گیا ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی مرحلے کی صدارت صدر مملکت عارف علوی جب کہ اختتامی مرحلے کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں 31 اکتوبر سے 6 نومبر تک جشن ولادت مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں ہفتہ عشق رسول ﷺ منایا جائے گا۔
حال ہی میں ملک میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوبارہ سر اٹھانے کے پیش نظر تقریبات کےلیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ چنانچہ صوبے میں امن و امان برقرا رکھنے کےلیےحکومت سندھ نے صوبے میں ایک روز کےلیے 30اکتوبر کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے تاہم صحافی، قانون نافذ کرنے والے اہلکار، بزرگ شہری، خواتین اور بچے پابندی سے مستثنی ہیں۔
