ملک میں مہنگائی کی لہر،عمران خان کی ویڈیووائرل

ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان اورآٹے کی قیمت میں اضافے نے جہاں غریبوں کی نیندیں اڑادی ہیں وہیں سوشل میڈیا پر بھی لوگ حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
گزشتہ روز پنجاب اور سندھ میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں 6 روپے اور 2 روپے فی کلو اضافہ کردیا.ِجس کے بعد پنجاب میں آٹے کی قیمت 70 روپے اور کراچی میں 66 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث ملک میں آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے جب کہ مسلسل بڑھتی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جہاں آٹے کی قیمت میں اضافے کے باعث ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے وہیں وزیراعظم عمران خان کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جب وہ وزیراعظم نہیں تھے۔ ویڈیو میں عمران خان ملک میں جاری مہنگائی اوربجلی گیس کے بڑھتے بلوں پر گزشتہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
ویڈیو میں عمران خان پاکستان اوربھارت کا موازنہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں ہندوستان میں بجلی اور گیس پاکستان سے سستی ہے جب کہ یہاں حکمرانوں نے ٹیکس لگا لگا کے بجلی اور گیس مہنگی کردی ہے لہٰذا ہم ان حالات میں کیسے ہندوستان کا مقابلہ کریں گے؟یاد رکھیں ’’جب حکمران کرپشن کرتا ہے تو وہ آپ کے اوپر ٹیکس لگاتا ہے، اس کی چوری کی قیمت آپ مہنگائی کے ذریعے اداکرتے ہیں‘‘.


سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد عمران خان کی اس ویڈیو کو شیئرکررہے ہیں اور ان کی دوغلی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
حسیب احمد نامی صارف نے لکھا ملک میں مہنگائی کی نئی لہر جاری ہے لاہور میں آٹے کی قیمت میں 6 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا۔ پرانے پاکستان میں فی کلو آٹے کی قیمت 40 روپے تھی جو نئے پاکستان میں بڑھ کر 70 روپے فی کلو ہوگئی، لیکن آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔


ایک صارف نے حکومت کی موجودہ کارکردگی پر طنز کرتے ہوئے ایک مزاحیہ پوسٹ کی جس میں ایک نوجوان ہاتھ میں ایک سلوگن لے کر کھڑا ہوا ہے جس پر لکھا ہو اہے اگر عمران خان نے پانی پر بھی ٹیکس لگادیا پھر بھی عمران خان کو ووٹ دوں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button