ملک میں 5جی لائسنسز کی نیلامی کیلئے کمیٹی تشکیل

وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونکیشن نے ملک میں 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کےلیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ جاز کے سی ای او عامر ابراہیم کہنا ہے کہ 5جی کا آغاز مستقبل کے صارفین کی ضروریات کو پورا کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی کےلیے تشکیل دی گئی کمیٹی کا اعلان چند دن میں متوقع ہے، اس کمیٹی کی سربراہی وزارت آئی ٹی کا رکن کرے گا جب کہ اس کے علاوہ ملک میں کام کرنے والی چاروں ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے اور فریکیوئنسی ایلوکیشن بورڈ کے افسر بھی شامل ہوں گے۔ کمیٹی 5 جی لائسنسز کی نیلامی سے متعلق پالیسی سمیت اس کی فیس اور دیگر معاملات کو طے کرے گی۔
وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جہاں 5جی کا ٹیسٹ ٹرائل کیا گیا۔
واضح رہے کہ جاز اور زونگ کی جانب سے 5 جی ٹیسٹ سوشل میڈیا پر دونوں کمپنیوں کے حمایتیوں کے درمیان ایک جنگ کی صورت حال اختیار کرگیا۔ اگرچہ زونگ کی جانب سے اگست 2019 میں 5 جی ٹیسٹ کیا گیا تھا لیکن کمپنی نے جاز کی جانب سے ہفتے کو اپنی ‘ففھ جنریشن’ (5جی) موبائل ٹیکنالوجی کو ٹیسٹ کرنے کے بعد زونگ نے اتوار کو دوبارہ اپنی 5 جی کارکردگی چیک کی۔
جاز کی جانب سے اپنے اسلام آباد میں موجود ہیڈ کوارٹرز میں اس ٹیسٹ ٹرائل کو کیا گیا۔ اس حوالے سے کمپنی کا کہنا تھا کہ کامیاب ایچ ڈی وائس اور ویڈیو کالز کے ساتھ اوسطاً ایک ہزار 452 ایم بی پی ایس کی ڈاؤن لوڈ اور 68 ایم بی پی ایس کی اپ لوڈ اسپیڈ حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ تکنیکی اصطلاحات ‘ایم بی پی ایس’ کا مطلب میگابائٹ پر سیکنڈ ہے جو ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ اسپیڈ کےلیے استعمال ہوتی ہے۔علاوہ ازیں ایک بیان میں جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا تھا کہ 5 جی کا آغاز مستقبل کے صارفین کی ضروریات کو پورا کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ابتدائی 5 جی ٹرائلز سے خوش ہیں اور جب بھی حکومت کی جانب سے اس عمل کو شروع کیا جاتا ہے تو ہم پاکستان بھر میں ٹیکنالوجی تیز ٹریک پر رکھنے کو تیار ہیں۔ عامر ابراہیم نے کہا کہ یہ ٹرائلز ڈیجیٹل پاکستان کےلیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم جدید موبائل ٹیکنالوجی کے فروغ میں آگے چل رہے ہیں۔
ساتھ ہی بیان میں کہا گیا کہ حکومت جب بھی اس کے کمرشل آغاز کی اجازت دے جاز 5جی کی گیم چینجنگ سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی منظوری سے جاز، اسلام آباد میں ایف 8، جی 7، ای 7 اور بلیو ایریا میں اپنے دفاتر میں 20 روز کےلیے عام صارفین کےلیے اپنی 5 جی سروس کو پیش کررہا ہے، جہاں شہری اپنی 5 جی کی حامل ڈیوائسز کے ذریعے اگلی نسل کے تیز ترین انٹرنیٹ کی اسپیڈ کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں زونگ نے بھی اپنی پہلی 5 جی ویڈٰیو کال کامیابی سے مکمل کی اور وہ اس ٹیسٹ کے دوران ڈیڑھ جی بی فی سیکنڈ سے زائد کی اسپیڈ تک پہنچا۔
اس حوالے سے زونگ کے چیئرمین اور سی ای او وانگ ہوا نے کہا کہ ہم پاکستان کو دنیا میں سب سے زیادہ ڈیجیٹلی جڑے ہوئے ممالک میں سے ایک بنانے کےلیے مزید ٹیکنالوجی اور جدید ترین سہولیات کا استعمال کریں گے۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ٹیلی نار بھی مستقبل قریب میں اپنے 5 جی ٹیسٹ کا اعلان کرنے جارہا ہے اور کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ ٹرائم کےلیے پی ٹی اے کو درخواست جمع کروادی گئی ہے۔
