ملک کے تمام اداروں کو پی ٹی آئی کیخلاف استعمال کیا جا رہا ہے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے تمام اداروں کو تحریک انصاف کے خلاف استعمال کر رہی ہے، یہاں تک کہ عدلیہ اور ججز پر بھی دبائو ڈالا جا رہا ہے۔

قوم سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے کئی کارکنوں پر تشدد کیا گیا جو تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ جانتے ہیں کہ ڈیڑھ دو سو لوگوں کے علاوہ باقی سب پرامن احتجاج کر رہے تھے اور آئین ہمیں اجازت دیتا ہے ہم کہیں بھی احتجاج کر سکتے ہیں، جیسے کمانڈو ایکشن کر کے مجھے گرفتار کیا گیا تو احتجاج عسکری علامات پر ہی ہونا تھا اور کہاں جانا تھا۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ’عدلیہ بھی دباؤ میں ہے، ججوں کو نامعلوم فون کالز آ رہی ہیں کہ ہم یہ کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سارے ملک کے اداروں کو استعمال کیا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف کو ختم کیا جائے، ایف آئی اے اور نیب صرف تحریک انصاف کے خلاف کیسز بنا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اب تک مجھے یہ سمجھ آئی ہے کہ ایک کنگ پارٹی تیار ہو رہی ہے، نہ ن لیگ، نہ پیپلز پارٹی پورے ملک میں حکومت بنا سکتے ہیں، اسی لیے کنگز پارٹی کی مدد سے مخلوط حکومت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کی مشکلات ایک کمزور حکومت حل نہیں کر سکتی، مضبوط حکومت وہ ہوتی ہے جس کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ نہیں بلکہ عوام کھڑی ہو، وہی حکومت مشکل فیصلے کر سکتی ہے۔

Back to top button