میرے خیال میں بابر اعظم کو کپتانی لینی ہی نہیں چاہیے تھی: وسیم اکرم
سابق کپتان کا کہنا ہے کہ بطور کھلاڑی بابر اعظم کو دوسرے ٹیسٹ کے بعد کپتانی سے الگ ہوکر صرف بطور کھلاڑی کھیلنے کا فیصلہ کرنا چاہیے تھا

پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں بابر اعظم کو کپتانی لینی ہی نہیں چاہیے تھی اور یہ سب غیر ضروری تھا۔
مانچسٹر میں وسیم اکرم نے وقار یونس کے ساتھ چیریٹی فنڈ ریزنگ پروگرام میں شرکت کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کو الزام نہیں لگانا چاہتے اور ممکن ہے کہ وہ غلط بھی ہوں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس کے موقع پر بابر اعظم سے 7 کھلاڑیوں اور کوچ کی تبدیلی کے بارے میں پوچھا گیا۔
وسیم اکرم کے مطابق اس سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم۔
وسیم اکرم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر آپ کو نہیں پتا تو آپ یہاں کیا چنے بیچنے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور کھلاڑی یا شخص وہ سمجھتے ہیں کہ اگر آپ کا لیڈر یا کپتان آپ کی سائیڈ نہیں لیتا تو آپ اپنا سو فیصد نہیں دے سکتے۔
سابق کپتان نے تجویز دی کہ دوسرے ٹیسٹ کے بعد جو کچھ ہوا، بابر اعظم کو کہنا چاہیے تھا کہ وہ صرف بطور کھلاڑی کھیلیں گے۔
