عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکرز پر حملوں کی اطلاعات اور ٹرمپ انتظامیہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر پیش رفت نہ ہونے کے باعث آج خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا۔
برینٹ خام تیل 1.45 ڈالر یا 1.67 فیصد اضافے کے ساتھ 88.52 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جب کہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.15 ڈالر بڑھ کر 82.40 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں میں ہفتہ وار بنیاد پر بالترتیب 6 فیصد اور 5.4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ تین روز کےلیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے فی لٹر اضافہ کردیا گیا۔
پٹرول کی قیمت فی لٹر 325 روپے 43 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 383 روپے 95 پیسے فی لٹر برقرار ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ تین روز کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مجموعی مارجن 10 روپے فی لٹر ہو گیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے بعد پٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال ملتوی کر دی۔
