نواز شریف کی واپسی کیلئے تمام قانونی ذرائع استعمال کئے جائیں

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا فوکس ملکی مفاد نہیں بلکہ شریف مقدمات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے اس لئے نواز شریف کی واپسی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت پارلیمنٹ میں حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال میں اپوزیشن کے بیانیہ سے متعلق حکمت عملی پر بات چیت ہوئی، اور پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی،اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال میں اپوزیشن کے بیانیے سے متعلق حکمت عملی اور نوازشریف کو وطن واپس لانے سے متعلق اقدامات پر حکومتی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کی صحت پر سیاست کی، اپوزیشن کا فوکس ملکی مفاد نہیں بلکہ شریف مقدمات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے، نواز شریف کی واپسی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔
اجلاس میں قومی اسمبلی میں ایف اے ٹی ایف قوانین کی منظوری کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمانوں کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کو مؤثر طور پر اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے، اب پوری توجہ بہتر معاشی اعشاریوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے پر ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن کی اسٹریٹس پر بیٹے کے ساتھ چہل قدمی کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس پر حکومت کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بناکر چلے گئے، انہیں واپس لانا ضروری ہوگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button