آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے، ن لیگ کو واضح برتری حاصل ہوئی: رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور پُرامن رہے۔ انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے 9 جب کہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کل کشمیر میں پہلے مرحلے کے الیکشن کا انعقاد ہوا،تیرہ سیٹوں پر حق رائے دہی استعمال کیا گیا، نتائج کے مطابق ابھی تک تیرہ میں سے نو نشستیں ن لیگ نے جیتی ہیں۔ چار سیٹوں پر پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔
مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کامیاب ہونے والے امیدوار آزاد کشمیر کے مسائل کو حل کرنے کےلیے کردار ادا کریں گے، ووٹرز کے ٹرن آؤٹ پہلے کم اور بعد میں زیادہ ہونے کی اطلاعات بھی میڈیا نے دیں، بڑی محنت اور عزم کے ساتھ الیکشن کرایا گیا۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا کہ نکیال میں ایک خاندانی سیاسی جھگڑے میں تصادم ہوا، ایک جاں بحق اور کچھ لوگ زخمی ہوئے، اس واقعہ کے علاوہ کوئی پرتشدد واقعہ نہیں ہوا۔ایل اے چھ میں ڈالوں پر لوگوں کو لے جاکر بیلٹ بکس چھیننے اور جلانے کی کوشش کی گئی، پولیس نے کارروائی کی، مقدمہ درج کیا، گرفتاریاں کیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتےہیں،یہ کامیابی صرف مسلم لیگ ن نہیں بلکہ ریاستی اداروں کی بھی کامیابی ہے۔مشکل حالات کےباوجود آزاد کشمیر میں انتخابات کا پُرامن انعقاد خوش آئند ہے، کشمیری عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا
امیر مقام نے کہا کہ کئی حلقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ 40 سے 60 فیصد تک رہا،نواز شریف کی قیادت پر عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کی شاندار کامیابی عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔کامیابی کا سہرا پارٹی قیادت، کارکنوں اور انتخابی مہم چلانےوالی ٹیم کو جاتا ہے، رانا ثناء اللہ کی قیادت میں ایک سال تک منظم انداز میں انتخابی مہم چلائی گئی، پارٹی کے اندر اختلافات ختم کرکے متحد ہوکر الیکشن لڑا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ بہترین ٹیم ورک کے باعث مسلم لیگ ن نے نمایاں کامیابی حاصل کی، شفاف انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کا کردار قابل تعریف ہے،امن و امان برقرار رکھنے پر سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔
انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ آزادانہ اور شفافیت سے مکمل ہوا:چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا،انتخابی نتائج نوازشریف کی قیادت پر عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہیں، عوام نے ترقی،استحکام اور مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کے حق میں فیصلہ دیا۔
ریاست کے اندر رہنے والے عوام نے بھی مسلم لیگ ن کے حق میں واضح فیصلہ دیا،عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے،آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت اور ترقی کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔
