نیب کی قید میں حمزہ شہباز کرونا وائرس کا شکار ہو گئے

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور پنجاب میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ حمزہ شہباز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان کی طبعیت جیل میں چند روز سے خراب تھی۔
حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو علاج کے لئے فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ گزشتہ تین روز سے شدید بخار میں مبتلا ہیں۔ بگڑتی ہوئی صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔ترجمان مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا حمزہ شہباز کے علاج کی تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔ علاج میں سستی یا لاپرواہی سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔ ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ حمزہ، نواز شریف کا بھتیجا اور شہباز شریف کا بیٹا ہونے کے جرم میں ناحق سزا پا رہا ہے، حمزہ شہباز بہادری سے نیب نیازی اندھیر نگری چوپٹ راج کے سامنے ڈٹا ہوا ہے۔مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ بدترین سیاسی انتقام حمزہ شہباز کے عزم کو متزلزل نہ کرسکا۔ انھوں نےقوم اور پارٹی کارکنان سے حمزہ شہباز کی صحت کے لئے دعا کی اپیل ہے۔
حمزہ شہباز کے والد اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ میرے بیٹے حمزہ کو جیل میں کورونا ہوگیا ہے، حمزہ شہبازنے مشرف دورمیں نیب مقدمات کا ڈٹ کرمقابلہ کیا، حمزہ شہبازنیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کا جراتمندی و ثابت قدمی سے سامنا کر رہا ہے، میری آپ سب سے درخواست ہے کہ حمزہ کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا فرمائیں۔ جزاک اللہ خیر۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے فوراً اسپتال منتقل کیا جائے اور جلد سے جلد طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
حمزہ شہباز میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو خط لکھ کر حمزہ شہباز کو جیل سے اتفاق ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز جو اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں ہیں گذشتہ ایک ہفتے سے کورونا وائرس کا شکار ہیں۔ مسلم لیگ کے مطابق حمزہ شہباز کی میڈیکل ریکارڈ اتفاق ہسپتال میں موجود ہے اور ان کا ڈاکٹر رضوان اختر بہتر علاج کر سکتے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کو میڈیکل ایمرجنسی کی بنیاد پر فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا جائے۔
حمزہ شہباز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے صاحبزادے ہیں اور وہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی ہیں۔خیال رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنانے کے مقدمات میں فرد جرم عائد کر رکھی ہے۔
