’’واٹس ایپ چیٹ میں حیران کن تبدیلیاں متعارف‘‘

دنیا کی سب سے بڑی پیغام رسانی ایپ ’’واٹس ایپ‘‘ نے صارفین کیلئے چیٹ میں حیران کن تبدیلیاں متعارف کرواتے ہوئے دو نئے فیچرز کا آغاز کر دیا ہے جس کے مطابق صارفین اب اپنے کسی بھی پیغام کو یادہانی کے طور پر پن Pinned کر سکیں گے۔’’پِن‘‘ میسج فیچر کا مطلب ہے کہ آپ واٹس ایپ گروپ یا اپنے کسی دوست کے چیٹ باکس کے اندر اہم پیغام کو پِن کرکے اسے چیٹ کے سب سے اوپری حصے پر لاسکتے ہیں، یعنی مخصوص پیغام کو پِن کرنے کے بعد آپ اپنی گفتگو جاری رکھ سکتے ہیں لیکن وہ مخصوص پیغام چیٹ کے دوران سب سے پہلے موجود رہے گا، یہ فیچر اسی طرح ہے جیسے ہم واٹس ایپ پر مخصوص لوگوں کے چیٹ باکس کو پِن کرتے ہیں، اس فیچر کے ذریعے صارفین بالخصوص گروپ چیٹ کے لیے اہم پیغامات تلاش کرنا آسان ہو جائے گا۔یہ فیچر گروپ چیٹس کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے کیونکہ گروپ چیٹ میں ڈھیروں میسجز آنے کی وجہ سے اہم اعلان یا پیغامات پر نظر رکھنا مشکل ہوتا ہے، یہ فیچر پاکستان سمیت مختلف ممالک میں متعارف کیا جا چکا ہے اور اب صارفین اس فیچر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔واٹس ایپ کی جانب سے اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ یہ فیچر کس طرح کام کرے گا، سکرین شاٹ کے مطابق میسج کو ایک بار کلک کرنے پر تین آپشن دکھائی دیں گے، ان میں سے پِن کے آپشن پر کلک کرکے مخصوص میسج کو چیٹ میں پِن کرسکتے ہیں۔البتہ آپ صرف مخصوص وقت کے لیے میسج کو پن کر سکتے ہیں، پن کے آپشن کو کلک کرنے کے بعد مزید تین آپشن دکھائی دیں گے، ان میں سے آپ 24 گھنٹے، 7 دن یا 30 دنوں کے لیے میسج کو پِن کرسکتے ہیں۔واٹس نے ’پن فیچر‘ کے ساتھ ہی ’ون ٹائم ویو وائس میسج‘ کا فیچر بھی متعارف کیا ہے، جب آپ کسی دوست کو وائس میسج بھیجتے ہیں تو عمومی طور پر وہ وائس نوٹ چیٹ میں ہی موجود رہتا ہے جسے آپ یا آپ کا دوست کسی بھی وقت دوبارہ سُن سکتے ہیں لیکن اب اس فیچر کو مزید جدید کر دیا ہے، یعنی آپ وائس میسج ’’ویو ونس‘‘ کیساتھ بھیج سکتے ہیں، اس نئے فیچر میں بھیجی جانے والی وائس نوٹ کو ایک بار ہی سنا جا سکتا ہے اور اس کے بعد وائس نوٹ غائب ہو جاتی ہیں، ویب سائٹ کے مطابق چیٹ پر ویو ونس بھیجے جانے والے وائس نوٹ کو کوئی بھی فارورڈ، سیو یا ڈاون لوڈ نہیں کر سکتا۔
