وزیراعظم کا اسپتالوں میں ادویات، بستروں کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے اور اسپتالوں میں ادویات، بستر اور آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر مکمن اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے ملک کو درپیش غیر معمولی چیلنج سے لڑنے اور بزرگوں، بیماروں بالخصوص امراض قلب اور ذیابیطس کے مریضوں کے تحفظ کےلیے عوام میں مکمل اتحاد کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے یہ ہدایات اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) برائے کووِڈ 19 کے دورے پر منعقدہ ایک اجلاس میں دیں اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں آئندہ دو ماہ کے دوران کورونا کے خلاف ایک مربوط اور مشترکہ قومی ردعمل اختیار کرنا ہو گا، ہمارے عمل سے اس بحران کی شدت اور اس کے خلاف ہماری کامیابی کا تعین ہوگا۔
وفاقی وزرا کے علاوہ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے کووِڈ 19 کے خلاف متوازن حکمت عملی اپنائی ہے تاہم ہر شہری کو احتیاطی تدابیر اپنانی چاہیئے۔ وزیراعظم نے طبی عملے کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل صورت حال میں وہ ہمارے لیے باعث فخر ہیں اور پوری قوم ان کی کاوشوں کی معترف ہے۔
ساتھ ہی وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ میڈیا نے اب تک ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور کسی بھی ہیجان انگیزی کی روک تھام میڈیا کو خود کرنا ہوگی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر اور ڈی جی آپریشنز اینڈ پلاننگ این سی او سی میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے وزیراعظم کو کووِڈ 19 کی صورت حال، اسپتالوں پر دباؤ اور سہولیات کے ساتھ ساتھ مستقبل کے اندازوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے کیے جانے والے اقدامات، ایس او پیز کے نفاذ، وبا کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات کی حکمت عملی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں بالخصوص کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کےلیے نظام صحت کی بہتری اور اس میں موجود خامیاں دور کرنے کےلیے اٹھائے گئے اقدامات، ہیلتھ پروفیشنلز کی صلاحیتیں بڑھانے، مریضوں کےلیے اضافی بیڈز کی دستیابی، اہم ادویات اور آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے اتفاق رائے سے صحت اور معیشت کے مابین توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی جاری رکھنے کا عزم کیا اور اس بات کو دہرایا کہ کاروباری ادارے کھلے رہنے چاہیئے اور انتظامی کارروائیوں کے ذریعے ایس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
