وزیراعظم کو ویکسین لگنے سے پہلے کورونا ہوا ہوگا

کراچی میں انڈس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا ہے کہ ویکسین لگانے کے بعد کورونا مثبت نہیں آتا، وزیراعظم کو ویکسین لگنے سے قبل ہی کورونا ہوا ہوگا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ وزیراعظم نے جمعرات یعنی دو روز قبل کورونا کی ویکسین بھی لگوائی تھی۔
اس حوالے سے ڈاکٹر عبدالباری بتایا کہ ویکسین لگانے کے بعد کورونا نہیں ہوتا، وزیراعظم کا یقیناً 5 سے 7 روز قبل کورونا کا ایکسپوژر ہوا ہوگا اس لیے اب ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ ویکسین لگنے کے 2 سے 3 ہفتوں کے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں اسی لیے چینی ویکیسین کی دو ڈوز لگائی جاتی ہیں تاکہ اینٹی باڈیز زیادہ بنیں۔ ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ وزیراعظم کو علامات بہت کم ہوں گی، کیوں کہ وہ خود کو فٹ بھی رکھتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ویکسین کی وجہ سے ان کی اینٹی باڈیز بھی بننا شروع ہو جائیں گی۔
