ووٹ کے تھیلے چرانے والے مشینوں کے معائنے کررہے ہیں

پاکستان مسلم لیگ ن  کی ترجمان مریم اورنگزیب  نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب مشینوں کے معائنے چھوڑیں ،ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا ، اس کی بات کریں۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ووٹ کے  تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈرامہ کررہے ہیں ، کمرے میں ہونے والی ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں، کیوں کہ الیکٹرک ووٹنگ مشین کے استعمال میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن  نے کہا کہ کیا الیکڑانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہیں؟ عمران صاحب مشینوں کے معائنے چھوڑیں،ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا، اس کی بات کریں، انتخابی نتائج کے تاخیر سے اعلان کی کیا وجوہات ہیں، وہ قوم کو بتائیں، ڈرامے نہ کریں، عوام کا اٹا ، چینی دوائی بجلی گیس چوری کرنے والوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ووٹنگ مشین چیک کرنے کی تصویر شیئر کی اور کہا تھا کہ اب پاکستان میں ایسے الیکشن ہوں گے جس کے نتائج تمام فریق قبول کریں گے ،ٹوئیٹر پر ووٹنگ مشین چیک کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ پاکستان کی بنائی گئی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا معائنہ کیا اور آخرکار اب پاکستان میں ایسے انتخابات ہوں گے جس کے نتائج کو تمام فریق قبول کریں گے ، اس کے لیے وفاقی وزیر سائنس و  ٹیکنالوجی شبلی فراز اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ روز الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی جانچنے کیلئے مشین سے ووٹ ڈالا ، وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے وزیرِ اعظم عمران خان کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور وزیرِ اعظم عمران خان کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے وزیرِ اعظم عمران خان نے الیکٹرانک مشین کے ذریعے ووٹ ڈالا۔ اس موقع پر وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ مشین کے سافٹ ویئر کو اعلیٰ معیار کے مطابق بنایا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو انٹر نیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

Back to top button