ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 4 جون سے امریکہ میں شروع ہوگا

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق میگا ایونٹ 4 سے 20 جون کے درمیان ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں منعقد ہوگا۔
رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا ابتدائی شیڈول تیار کر لیا گیا ہے، جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹی20 ورلڈکپ کا آغاز 4 تا 20 جون امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، جس میں کُل 20 ٹیمیں شریک ہوں گی جنہیں 5،5 کی شکل میں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا جبکہ 9 جون روایتی حریف بھارت کے خلاف نیویارک میں مدمقابل آئے گی۔ اس میچ کو برصغیر کے ٹائم زون سے متعلق کرائے جانے کا امکان ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کرکٹ لطف اندوز ہوسکیں۔ قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا جبکہ 16 جون کو آئرلینڈ سے فلوریڈا میں ٹکرائے گی۔
واضح رہے کہ شیڈول کو منظوری کیلئے بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
